لاڑکانہ میں کاروکاری کے الزام میں جرگے نے دو دو معصوم بچیوں کو ونی قرار دیکر زبردستی نکاح کرادیا

پولیس نے کارروائی کرکے دونوں دولہوں اور نکاح خوان سمیت 8 افراد کو گرفتار کرکے چائلڈ میریج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا

پیر 20 مارچ 2017 21:51

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) لاڑکانہ میں کاروکاری کے الزام میں ہونے ہونے جرگے میں دو دو معصوم بچیوں کو ونی قرار دیتے ہوئے زبردستی نکاح کرادیا، پولیس نے کاروائی کرکے دونوں دولہوں اور نکاح خوان سمیت 8 افراد کو گرفتار کرکے چائلڈ میریج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے گاؤں محمود دیرو میں ایک شخص اسلم شاہ نامی شخص پر کاروکاری کا الزام لگاکر جرگے نے اسلم شاہ کی 8 سالہ بھانجی سندھو شاہ اور دس سالہ بھتیجی نیلم شاہ کو ونی قرار دے کر دونوں بچیوں کا نکاح 20 سالہ زوہیب شاہ اور 22 سالہ سلطان شاہ کے ساتھ کروایا گیا۔

اطلاع ملنے پر تعلقہ تھانہ کی پولیس نے کاروائی کرکے دونوں دولہوں زوہیب شاہ، سلطان شاہ اور نکاح خوان مولوی رستم سمیت 8 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

اے ایس پی عمران نیازی کے مطابق 16 نامزد اور چار نامعلوم افراد کے خلاف سرکاری کی مدعیت میں چائلڈ میریج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ گرفتار ملزمان کا آج عدالت سے رمانڈ لیا جائے گا۔ دوسری جانب بچی سندھو شاہ کے والد جہان شاہ کے مطابق ان کے بھائی اسلم شاہ پر کاروکاری کا جھوٹا الزام لگاکر جرگے میں معصوم بیٹی اور بھتیجی کو ونی کے طور پر دیا گیا، ملزمان نے میرے بھائی اسلم شاہ کو تشدد کا نشانہ بناکر لاپتہ کردیا ہے۔