پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے وفد کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات ، ترقیاتی سکیموں ، پانی کی فراہمی کی سکیم سمیت دیگر امورپر تبادلہ خیال

کراچی کی ریگولرائز آبادی اور کچی آبادیوں میں تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے، اراکین اسمبلی

پیر 20 مارچ 2017 21:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے ایک وفد نے وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ سے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی اور ان سے مختلف امور بشمول ترقیاتی اسکیموں ، پانی کی فراہمی کی اسکیم سمیت دیگر امورپر تبادلہ خیال کیا ۔ وفد کی سربراہی سینیٹر سعید غنی کر رہے تھے جبکہ وفد کے دیگر ارکین میں اراکین صوبائی اسمبلی مرتضیٰ بلوچ ، ساجد جوکھیو، ضلعی صدور و جنرل سیکریٹری و دیگر شامل تھے۔

پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو اور جنرل سیکریٹری پی پی سندھ وقار مہدی نے خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کی۔ پی پی کے نو منتخب اراکین نے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کی کہ ترقیاتی کاموں کی مقررہ مدت میں تکمیل کے لئے تمام تر ضروری اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کی ریگولرائز آبادی اور کچی آبادیوں میں تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع شرقی اور ملیر کے مختلف دیہاتوں میں ابھی تک بجلی اور پانی دستیاب نہیں ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے انہیں یقین دلایا کہ وہ شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کی ذاتی طور پر مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور جہاں تک کراچی کے دیہی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا تعلق ہے تو وہ بھی بہت جلد شروع کئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے دیہی علاقوںکو بجلی کی فراہمی کے لئے کے ۔ الیکٹرک کو ضروری فنڈز جاری کئے جاچکے ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ کراچی کے شہری اور دیہی علاقوں کے لوگوں کی بہتر سے بہتر خدمت کے لئے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی پارٹی رہنمائوں کو بھی چاہیے کہ وہ آگے آئیں اور درپیش مسائل کی نشاندہی کریں تاکہ انکا تدارک کیا جاسکے۔