آئندہ مالی سال سے عزیز بھٹی شہید ہسپتال کیلئے ادویات کے بجٹ میں ریکارڈاضافہ کر دیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر گجرات

پیر 20 مارچ 2017 21:50

لالہ موسیٰ۔20 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2017ء) ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے آئندہ مالی سال سے عزیز بھٹی شہید ہسپتال کیلئے ادویات کے بجٹ میں ریکارڈ 14کروڑ روپے اضافہ کر دیا ہے، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل ہونیوالے ماڈل ٹراما سنٹر کو آپریشنل کرنے کی تیاریاں جاری ہیں جبکہ نواز شریف میڈیکل کالج کے زیر اہتمام نیو بلاک کی تعمیر جون تک مکمل کر لی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم پی اے حاجی عمران ظفر، اسسٹنٹ کمشنر ظہیر عباس چٹھہ، پرنسپل نواز شریف میڈیکل کالج ڈاکٹر ظفر اقبال گل، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عابد غوری، ایم ایس ڈاکٹر شاہد معروف، ایگزیکٹو انجینئر بلڈنگز انتصار علی رندھاوا، صدر انجمن بہبودی مریضاں میاں محمد اعجاز، سماجی شخصیات امتیاز کوثر، امجد فاروق، صدر پی ایم اے ڈاکٹر مقصود زاہد، مختلف شعبہ جات کے سپشلسٹ ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوںنے برن یونٹ میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے ہدایات جاری کیں۔انہوںنے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تعمیر ہونیوالے ٹراما سنٹر کے مختلف شعبہ جات کا بھی دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران عزیز بھٹی شہید ہسپتال کا ادویات کا بجٹ تین کروڑ2لاکھ 50ہزار روپے ہے جس میں اضافہ کیلئے حکومت سے درخواست کی گئی تھی۔

انہوںنے بتایا کہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال کی 500بستر کے ہسپتال کی حیثیت سے منظوری کے بعد حکومت نے ادویات کے بجٹ میں مجموعی طور پر 86فیصد اضافہ کیا ہے اور آئندہ سال سے ضلعی ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں ادویات کی خریداری کیلئے 17کروڑ50لاکھ روپے بجٹ کی اصولی طور پر منظوری دی جاچکی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ہسپتال انتظامیہ تمام طبی آلات کی فہرست تیار کرے اور انہیں جلد سے جلد مرمت کرانے کیلئے اقدامات کئے جائیں، نیو بلاک کی تعمیر ہر صورت جون تک مکمل کی جائے تاکہ یہاں مریضوں کو خدمات کی فراہمی کا جلد سے جلد آغاز کیا جائے۔

انہوںنے ایکسئین روڈز کو ہدایت کی کہ نیو ٹراما سنٹر کے سامنے سڑک کی تعمیر کیلئے فوری طور پر تخمینہ تیار کیا جائے اور منصوبے پر جلد کام کے آغاز کیلئے ضروری پراسیس مکمل کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے مین گیٹ پر انٹری فیس کے نام پر وصولیوں کا سخت نوٹس لیا اور اے سی گجرات کو ہدایت کی کہ وہ خود معاملات کو دیکھیں اوراگر غیر قانونی وصولیاں کی جارہی ہیں تو اسے روکا جائے، ڈاکٹرز کی گاڑیوں کو سٹکر جاری کیا جائے اور پارکنگ کا مناسب انتظام کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے برن یونٹ کے دورہ کے موقع پر ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ انہوںنے ٹراما سنٹر کی معیاری تعمیر اور اس میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ حکومت اور شہریوں کی مشترکہ کاوشوں سے مریضو ں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے گی۔

متعلقہ عنوان :