جامعہ گجرات میں دو روزہ تیسرے بُک فیئر2017ء کا آغاز ہوگیا

پیر 20 مارچ 2017 21:50

لالہ موسیٰ۔20 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2017ء)جامعہ گجرات میں دو روزہ تیسرے بُک فیئر2017ء کا آغاز ہوگیا، بُک فیئر کا افتتاح چیئرمیں اکیڈمی ادبیات اسلام آباد ڈاکٹر قاسم بھگیو نے رجسٹرار جامعہ گجرات پروفیسر ڈاکٹر طاہر عقیل کے ہمراہ کیا۔ سالانہ بُک فیئر جامعہ گجرات کی علمی و ثقافتی زندگی کا ایک اہم خاصہ بن چکا ہے۔

امسال پاکستان بھر سے تقریباً 40پبلشرز، بُک سیلرز اور ڈسٹری بیوٹرز نے اس کتاب میلہ میں شرکت کرتے مختلف سائنسی، فنی، ادبی اور علمی موضوعات پر ہزار ہا کتب طلبہ و اساتذہ کے ذوق مطالعہ کی آبیاری کی خاطر نمائش کے لیے پیش کیں۔ چیف لائبریرین کاظم علی سید نے میزبانی کے فرائض سرانجام دئیے۔ڈاکٹر قاسم بھگیو نے کہا کہ مطالعہ ہماری ذہنی صلاحیتوں کو جلا بخشتے ہوئے سماجی تطہیر کا باعث بنتا ہے۔

(جاری ہے)

کتاب قوموں کی زندگی میں مینارہٴ نور کو حیثیت رکھتی ہے۔ کتاب نوجوان طلبہ کی آئندہ زندگی کے لائحہ عمل کو مرتب کرتے ہوئے ان کے مستقبل کا تعین کرتی ہے۔ جامعہ گجرات نے کتاب میلہ کا انعقاد کرتے ہوئے طلبہ کے لیے دعوتِ علم کاسامان کیا ہے۔ اکادمی ادبیات علمی مراحل کو طے کرنے میں جامعہ گجرات کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی۔ ڈاکٹر طاہر عقیل نے کہا کہ طلبہ کی کردار سازی اور تعمیر شخصیت میں کتاب کا مقام واضح ہے۔

مسلم معاشرہ کی فکری تشکیل میں علم نے اہم کردار ادا کیا اور علم کا بنیادی منبع مختلف ادوار میں کتاب ہی رہی ہے۔ دورِ حاضر کی ڈیجیٹل دنیا میں بھی کتاب کی اہمیت کم نہیں ہوئی۔ آج قرطاس سے گزر کر کتاب ڈیجیٹل سکرین پر قاری کی ذہنی روشنی کا باعث بن رہی ہے۔ کتاب میلہ کی افتتاحی تقریب میں طلبہ و اساتذہ کے علاوہ سول سوسائٹی کے اراکین، دانشوروں، صحافیوں اور کتاب سے محبت رکھنے والے قارئین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔