پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد کی، بحالی جمہوریت کی تحریک کی جدوجہد میں پیپلز پارٹی کے قائدین اور کارکنوں نے جیلوں کی صعوبتیں برداشت کیں

پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی کا تقریب سے خطاب

پیر 20 مارچ 2017 21:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 مارچ2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد کی ہے اور بحالی جمہوریت کی تحریک کی جدوجہد میں پیپلز پارٹی کے قائدین اور کارکنوں نے جیلوں کی صعوبتیں برداشت کیں،لیکن اصولوں پر سودا بازی نہیں کی۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز کو کراچی بار میں پیپلز لائرز فورم کراچی کے سابق صدر قاضی بشیر ایڈوکیٹ کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کے کوآرڈینیٹرراشد حسین ربانی کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر راشد حسین ربانی ، قاضی بشیر ایڈوکیٹ، کراچی بار کے صدر نعیم قریشی ایڈوکیٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا،جبکہ وکلا برادری اور پیپلز لائرز فورم کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا، سابق صدر آصف علی زرداری نے اس ضمن ایک ریفرنس سپریم کورٹ بھیجا لیکن سپریم کورٹ میں یہ ریفرنس دوسال سے زیر التوا ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ ریفرنس کی سماعت کو دوبارہ شروع کرنے کے احکامات دیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت عوام کی بلاامتیاز خدمت کررہی ہے کراچی میں 10ارب روپے کی لاگت سے متعدد منصوبے زیر تعمیر ہیں اور آئندہ بجٹ میں کراچی کیلئے مزید بڑے منصوبے رکھے جائیں گے۔

مختلف سیاسی جماعتوں کے ہزاروں کارکنوں نے گزشتہ 3ماہ میں پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے اور مزید لوگ پارٹی میں شمولیت کیلئے رابطے کررہے ہیں ، انشاء اللہ 2018 کے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کراچی سے بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔