کراچی سے چلنے والی تحریکوں سے ملک میں تبدیلیاں رونما ہوئیں،مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر

پیر 20 مارچ 2017 21:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 مارچ2017ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ کراچی ہمیشہ اپوزیشن کا شہر رہا ہے اور یہاں سے چلنے والی تحریکوں کے نتیجے میں ملک میں بڑی تبدیلیاں رونما ہوئی، لیکن بدقسمتی سے ایک جماعت 30 سال تک اقتدار کے مزے لوٹتی رہی جس کے نتیجے میں آج اسی جماعت کے لوگ بے اختیاری کا رونا رو رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی تاریخ مہاجر دشمنی سے بھری ہوئی ہے۔ اور اب بھی پیپلزپارٹی کی حکومت کراچی، حیدرآباد سمیت شہری علاقوں کے مہاجروں کو نہ تو ان کے حقوق دینے کو تیار ہے اور نہ ہی انہیں کسی قسم کا اختیار ۔ لیکن آج بھی مہاجر متحد ہوکر اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کریں تو پھر انہیں نہ تو کسی بے اختیاری کا رونا پڑے گا اور نہ ہی حکومتیں مہاجروں کو نرم چارہ سمجھ کر دیوار سے لگائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مہاجروں نے ہمیشہ حکومتوں کیخلاف جدوجہد کرکے اپنا جمہوری حق منوایا ہے ۔ آج جس طرح مردم شماری اور خانہ شماری میں مہاجروں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جارہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ مہاجروں کی مشکلات اور مسائل اسی وقت ختم ہوسکتے ہیں جب وہ صحیح اور غلط کا فیصلہ کرتے ہوئے عملی جدوجہد کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہاکہ اب مہاجر مطالبات پس پشت چلے گئے ہیں جن مقاصد کیلئے مہاجر متحد ہوئے اور قربانیاں دیں وہ مقاصد آج بھی موجو دہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ مصنوعی قیادت اپنے خول سے باہر نکلیں اور قاتل اور مقتول کا کھیل ختم کرتے ہوئے متحد ہوکر جدوجہد کریں تو مہاجر آج بھی سرخرو اور باعزت مقام حاصل کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :