لیاری کے نوجوانوں نے کھیل کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ، پی ٹی آئی رہنما اسد عمر

پیر 20 مارچ 2017 21:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 مارچ2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا ہے کہ جس طرح کراچی پاکستان کا دل ہے اسی طرح لیاری کراچی کا دل سمجھا جاتا ہے۔ لیاری کے نوجوان با صلاحیت نوجوان ہیں جنہوں نے خاص طور سے کھیل کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ ماضی میں لیاری کے لوگوں کو ان کے حق سے محروم رکھا گیا ۔

گزشتہ کئی عرصے سے لیاری سے منتخب ہونے والوں نے کبھی لیاری کے عوام کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی نہیں لی ۔ انہی وجوہات کی بناپر لیاری کی عوام میں احساس محرومی پیدا ہوا،وہ پیر کولیاری کے علاقے نیازی چوک میںپی ٹی آئی ضلع جنوبی کے دفتر کے دورے کے موقع پر پارٹی عہدیداران سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کررہے تھے، اس موقع پر ان کے ہمراہ کراچی ریجن کے جنرل سیکریٹری سردار عبد العزیز ، ضلع جنوبی کے صدر منور قریشی اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے، اسد عمر نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کراچی اور خصوصاً لیاری میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔

(جاری ہے)

لیکن لیاری میں بسنے والے لوگ امن پسند اور محب وطن شہری ہیں ۔لیاری کے نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع اور ان کی کھیل کی صلاحیتوں کا فروغ دیا جائے تو ہمیں امید ہے کہ لیاری والے ایک بار پھر پاکستان کا نام روشن کریں گے، اسد عمر نے ضلع جنوبی کے عہدیداران سے تنظیمی صورتحال کا جائزہ لیا اور عہدیداران کی کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کیااس موقع پر اس عمر کا کہنا تھا کہ لیاری کے عوام پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور انشاء اللہ آئندہ 2018کے عام انتخابات میں لیاری کے عوام یہ ثابت کردیں گے کہ وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے اس مشن میں پاکستان تحریک انصاف کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔