فوجی عدالتوں کا قیام آئین سے ماورا اقدام نہیں،آفتاب احمد شیرپائو

پیر 20 مارچ 2017 21:21

اسلام آباد ۔20 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2017ء) قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کا قیام غیر معمولی ضرور ہے لیکن آئین سے ماورا اقدام نہیں ہے‘ دہشتگردی ایک قومی مسئلہ ہے‘ اس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے‘ امن و امان کا قیام صوبوں کی ذمہ داری ہے‘ صرف نیشنل ایکشن پلان کو تنقید کا نشانہ بنانا درست نہیں۔

(جاری ہے)

پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں دستور 28ویں ترمیم 2017ء پر بات کرتے ہوئے آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا کہ فوجی عدالتوں کی توسیع سے قبل ملک میں دہشت گردی اور امن و امان کی صورتحال پر بحث ہونی چاہیے تھی۔ طویل عرصہ سے ملک میں غیر معمولی صورتحال درپیش ہے۔ ملک میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ یہ بنیادی طور پر صوبائی مسئلہ ہے۔ صوبائی حکومتوں کو بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ تمام تر ذمہ داری نیشنل ایکشن پلان پر تھونپ دینا درست نہیں ہے۔ فوجی عدالتوں کا قیام غیر معمولی ضرور ہے تاہم یہ آئین سے ماورا اقدام نہیں ہے۔