مذہب کو دہشتگردی سے جوڑنے کی حوصلہ شکنی کی جائے،صاحبزادہ طارق اللہ

پیر 20 مارچ 2017 21:21

اسلام آباد ۔20 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2017ء) جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے فوجی عدالتوں کے حوالے سے کہا ہے کہ مذہب کو دہشتگردی سے جوڑنے کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں دستور 28ویں ترمیم 2017ء پر بات کرتے ہوئے صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ فوجی عدالتوں کی دو سالوں کی کارکردگی پر مشاورتی اجلاس میں بریفنگ کے علاوہ نیشنل ایکشن پلان اور قومی سلامتی کے امور پر متعلقہ اداروں کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

فاٹا اصلاحات کے حوالے سے ہم حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پہلے بھی ہم نے مذہب کو دہشت گردی سے جوڑنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا تھا۔ جماعت اسلامی اس حوالے سے ترمیم جمع کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فوج ہماری سرحدوں کی محافظ اور قومی سلامتی کی ضامن ہے۔ فوج پر ہمیں زیادہ بوجھ نہیں ڈالنا چاہیے۔ اگر حکومت نے ہماری ترامیم کے حوالے سے تعاون کیا تو ہم بل کے حق میں ووٹ دیں گے۔ پٹھانوں یا کے پی کے کے لوگوں کے ساتھ پولیس کے امتیازی برتائو سے نفرتیں جنم لیں گی۔