سکھر، سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی کی حج کرپشن کیس میں باعزت بری ہونے کی خوشی میں مختلف مذہبی تنظیموں کا اظہار تشکر

اجلاس جماعت اہلسنت پاکستان کے دفتر میں ہوا

پیر 20 مارچ 2017 23:45

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2017ء) سابق وفاقی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی کی حج کرپشن کیس میں باعزت بری ہونے کی خوشی میں مختلف مذہبی تنظیموں کا اظہار تشکر اجلاس جماعت اہلسنت پاکستان سکھر کے دفتر میں ہوا جس میں امیر جماعت اہلسنت پاکستان علامہ پروفیسر سید مظہر سعید کاظمی، مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ، علامہ سید ارشد سعید کاظمی ، علامہ سید حامد سعید کاظمی، عالمہ سید شاہ عبدالحق قادری اور دیگر علمائے کرام اور عوام اہلسنت کو مبارکباد دی گئی۔

اور ایک دوسرے کو مٹھائی کھلا کر خوشی کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں امیر جماعت اہلسنت ضلع سکھر کے علامہ محمد افضل مصطفائی ، قاری عبدالرشید سعیدی، تنظیم السعید کے محمد یاسین سعیدی، مولانا غلام محمد، آغا تابش پٹھان، میلاد مصطفیٰ کمیٹی کے شکیل احمد صدیقی، حاجی عبدالرشید اجمیری، بزم رفیق ملت کے محمد پناہ مہر، حافظ شوکت علی، سلمان صدیقی، عبدالواحد حمزہ، مولانا اللہ ورایو حسینی، محمد ارشاد قادری اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

علمائے کرام اور رہنمائوں نے کہا کہ حج کرپشن کیس میں علامہ سید حامد سعید کاظمی کے باعزت بری ہونے سے تمام الزامات جھوٹے ثابت ہوئے اور صاحبزادہ حامد سعید کاظمی کی باعزت رہائی حق و سچ کی فتح ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا آج 21 مارچ منگل کی دوپہر 2 بجے فوراہ چوک محمد بن قاسم پارک سے سکھر پریس کلب تک جماعت اہلسنت ، تنظیم السعید اور بزم رفیق ملت کے زیر اہتمام اظہار تشکر ریلی نکالی جائیگی جس میں علمائے کرام مذہبی تنظیموں کے عہدیداران ، رہنما اور عوام اہلسنت شرکت کریں گے۔ #