حکومتی معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج حاصل ہورہے ہیں ، گورنر سندھ

پیر 20 مارچ 2017 23:36

حکومتی معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج حاصل ہورہے ہیں ، گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی پالیسی کے مثبت نتائج حاصل ہونا شروع ہو گئے ہیں، صوبہ با الخصوص کراچی میں معاشی و اقتصادی استحکام اور تیز ترین ترقی میں امن و امان اور ساز گار ماحول مفید ثابت ہو رہا ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری سے خطہ میں غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ یقینی ہے، صوبہ با الخصوص کراچی میں ملکی و غیر ملکی کمپنیوں میں اضافہ اور صنعتی فعالیت سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی آ رہی ہے، حکومت صنعتی علاقوں میں ترقی و انفرا اسٹرکچر کی بحالی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ معاشی ترقی کا پہیہ مزید تیزرفتاری سے چلے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گورنر ہائوس میں کراچی انڈسٹریل فورم (کے آئی ایف) کے 15 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

وفد کی سربراہی جاوید بلوانی کر رہے تھے جبکہ وفد میں پاکستان ٹیکسٹائل ایسوسی ایشن کونسل کے چیئر مین محمد زبیر موٹی والا، ایف بی ایریا ایسوسی ایشن انڈسٹری کے صدر اسد نثار، ایف بی ایریا انڈسٹری کے صدر جاوید سلیمان، سائٹ سپر ہائی وے ایسوسی ایشن انڈسٹری کے صدر جمشید چاندی والا، لانڈھی ایسوسی ایشن کے سابق صدر زین بشیر، نارتھ کراچی ایسوسی ایشن کے سابق صدر سید عثمان علی، بن قاسم ایسوسی ایشن انڈسٹری کے نمائندہ افتخار احمد، سائٹ ایسوسی ایشن انڈسٹری کے سابق صدر سلیم پاریکھ، شیخ محمد شاہد اور جہانگیراشتیاق بھی شامل تھے ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم، معاشی خوشحالی کے جس روڈ میپ پر کام کر رہے ہیں اس سے ملک کو اقتصادی استحکام حاصل ہوا، زرمبادلہ کے ذخائر اور اسٹاک ایکس چینچ میں ریکارڈ اضافہ اور صوبہ سمیت پورے ملک میں معیشت کے مثبت اشاریئے حاصل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہو جائے گا کیونکہ یہ ایک جامع معاشی منصوبہ خطہ کی تقدیر بدل کر رکھ دے گا ، زیر تکمیل سی پیک منصوبہ سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج ابھر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا اقتصادی حب ہے جس کی ترقی و خوشحالی پورے ملک کی خوشحالی ہے ملکی و غیر ملکی کمپنیاں زیادہ تر اسی شہر میں ہیں سمندر سے متصل شہر اپنے جغرافیائی لحاظ سے خطہ میں انتہائی منفرد مقام رکھتا ہے، سی پیک کی تکمیل کے بعد کراچی میں معاشی سرگرمیوں میں بے پناہ اضافہ یقینی ہے، حکومت صنعتی علاقوں میں ترقیاتی کاموں اور انفرا اسٹرکچر کی بحالی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اس ضمن میں صنعت کار اور تاجر بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ معاشی سرگرمیوں سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :