جنوبی وزیرستان:محسود اور برکی قبائل کے مردم شماری اور خانہ شماری کے حوالہ سے مسئلہ حل

اپریشن راہ نجات کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے لوگوں کی خانہ اور مردم شماری کرنے کیلئے سیفران منسٹری اسلام آباد میں اعلی سطحی اجلاس میں اہم فیصلہ

پیر 20 مارچ 2017 22:48

جنوبی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2017ء) جنوبی وزیرستان کے محسود اور برکی قبائل کے مردم شماری اور خانہ شماری کا مسئلہ حل ہوگیا ۔سیفران منسٹری اسلام آباد میں اعلی سطحی اجلاس میں اہم فیصلہ کیاگیا ۔محسود اور برکی قبائل کا گرینڈ جرگہ بدھ کے دن 22مارچ کو پولیٹیکل کمپاونڈ جنوبی وزیرستان ٹانک میں دن 12بجے طلب کیاگیا ہے۔

جس پر حکومت کے ساتھ ہونے والے فیصلے کو عملی جامعہ پہنایا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار فاٹا کے سنیٹر مولانا محمد صالح شاہ نے کانی گرم کے برکی قبائل کے سرکردہ قبائلی راہنماملک عرفان الدین برکی سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کیا ۔ان کا کہناتھا کہ جنوبی وزیرستان کے قبائل اپریشن راہ نجات کی وجہ سے نقل مکانی کرتے ہوئے پورے ملک میں پھیلے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

اور ان کے مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں۔ایسے حالات میں ان کا خانہ شماری اور مردم شماری کرنا ناممکن تھا ۔انھوں نے کہا کہ انھوں نے اس سلسلے میں کافی جد وجہد کی ۔اور سوموار 20مارچ کو اسلام آباد منسٹری میں اہم اجلاس منعقد کیا ۔جس میں اعلی حکومتی عہدے داروں نے بھی شرکت کی۔سنیٹر صالح شاہ نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کے قبائل کی خانہ شماری اور مردم شماری کے متعلق اس اہم اجلاس میں کافی غور و خوص کیاگیا ۔

اور حکومتی حکام نے تسلیم کیا کہ ایسے حالات میں جنوبی وزیرستان کے قبائل کی خانہ شماری اور مرم شماری ناممکن ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومتی عہدے داروں نے محسود اور برکی قبائل کے مردم شماری اور خانہ شماری کے حوالے سے مسئلہ حل کردیا ہے۔سنیٹر مولانا محمد صالح شاہ نے کراچی ،ڈیرہ اسمعیل خان ،ٹانک ،پشاور ،اسلام آباد اور ملک کے دیگر کونے میں پناہ لینے والے محسود اور برکی قبائل سے اپیل کی ہے کہ وہ بدھ 22مارچ کو پولیٹیکل کمپاونڈ جنوبی وزیرستان ٹانک میں دن 12بجے کو ہونے والے اہم جرگہ میں شرکت کو یقینی بنائیں۔

تاکہ خانہ شماری اور مردم شماری کے لئے طریقہ کار وضع کیا جاسکے۔ملک عرفان الدین برکی نے فاٹا کے سنیٹر مولانا محمد صالح شاہ کو خانہ شماری اور مردم شماری کا مسئلہ حل کرنے پر مبارک باد دی ۔اور کہا کہ انھوں نے محسود اور برکی قبائل کے دل جیت لئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :