فنڈز کے استعمال میں غفلت کے مرتکب افسران پر ذمہ داری تعین کرکے ان کیخلاف کارروائی عمل میںلائی جائے‘خالد عیاض خان

فنڈز یو ٹیلائزیشن پلان تیار نہیںکرلیے جاتے تمام افسران ہیڈ آفس میں موجود رہیں اور اپنا پینڈنگ کام مکمل ہونے کی صورت میں واپس جائے

پیر 20 مارچ 2017 22:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 مارچ2017ء)ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے صوبہ بھر کے ریجنل افسران کوہدایت کی ہے کہ وہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فنڈز کے استعمال بارے 2یوم کے اندر یو ٹیلائزیشن پلان بناکر پیش کریں تاکہ فنڈز کے استعمال میں غفلت کے مرتکب افسران پر ذمہ داری تعین کرکے ان کیخلاف کارروائی عمل میںلائی جائے،جب تک فنڈز یو ٹیلائزیشن پلان تیار نہیںکرلیے جاتے تمام افسران ہیڈ آفس میں موجود رہیں اور اپنا پینڈنگ کام مکمل ہونے کی صورت میں واپس جائیں۔

انہوںنے یہ با ت اپنے دفتر میں سالانہ ترقیاتی پروگرام پر کام کی رفتارکا جائزہ لینے کیلئے بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم بھٹی ، ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر چودھری شفقت علی،ڈپٹی ڈائریکٹر سفاری زو سید ظفر الحسن، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف پبلسٹی عامر مسعود ،ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف مانیٹرنگ اینڈایو یلیوایشن میاں حفیظ احمد کے علاوہ صوبہ بھر کے ریجنل افسران بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

ڈی جی جنگلی حیات نے افسران پر زور دیا کہ وہ گٹ والا وائلڈلائف پارک ، بھاگٹ وائلڈلائف پارک ، بہاولپورچڑیاگھر اور پیرووال وائلڈلائف پارک خانیوال کی ان فنڈڈ سکیموں بارے 31مئی تک پی سی ون بنا کرپیش کریںہدایات پر عدم عملدرآمد کی صورت میں سخت محکمانہ کارروائی عمل میںلائی جائے گی۔ انہوں نے لاہور چڑیا گھر کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ نئے دیسی و بدیسی جانوروں کی خریداری کے عمل کو مزید تیز کریںتاکہ اس منصوبے کے مکمل ہونے پر تفریح کے لیے آنیوالے بچوں اور بڑوںکو تفریح کے زیادہ مواقع فراہم کئے جا سکیں۔