حج کرپشن کیس میں باعزت بریت کی خوشی میں ملتان میں حامدسعید کاظمی کے حامیوں اورمریدین کا جشن، سابق وفاقی وزیر کی رہائش گاہ کے باہر مبارکباد دینے مریدین اور عزیز و اقارب کا تانتا بندھ گیا ،ملتان پریس کلب کے باہرپیپلزپارٹی کے جیالوں کا جشن،ڈھول کی تھاپ پررقص،مٹھائیاں تقسیم

پیر 20 مارچ 2017 22:35

حج کرپشن کیس میں باعزت بریت کی خوشی میں ملتان میں حامدسعید کاظمی کے ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 مارچ2017ء) حج کرپشن کیس میں سابق وفاقی وزیر مذہبی امورعلامہ حامد سعید کاظمی کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے باعزت بریت کی خوشی میں ملتان میں ان کے حامیوں اور مریدین نے جشن منایا ،مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ کاظمی ٹائون میں واقع سابق وفاقی وزیر کی رہائش گاہ کے باہر مریدین اور عزیز و اقارب کا تانتا بندھ گیا ، گھر کے باہر مبارکباد دینے والے افراد نے حامد سعید کاظمی کے حق میں نعرے لگائے جبکہ ملتان پریس کلب کے باہربھی ان کے حامیوں نے جشن منایا،جشن میں پیپلزپارٹی کے جیالے بھی شریک تھے ،جنہوں نے ڈھول کی تھاپ پررقص کیا۔

اس موقع پر مٹھائی بھی تقسیم کی گئی ،سابق وفاقی وزیر حامدسعید کاظمی کے حامیوں کا کہنا ہے کہ وقت نے ثابت کردیا کہ حامد سعیدکاظمی پرتمام الزامات بے بنیاد ہیں،ملتان آمد پرحامدسعید کاظمی کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف تنظیم السعیدکے زیراہتمام بھی حامد سعید کاظمی کی عدالت سے بریت کی خوشی میں ملتان کے مختلف علاقوں میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔

تنظیم السعید کے زیراہتمام ملتان پریس کلب کے سامنے کارکنوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی اس موقع پر تنظیم السعید کے صدر طاہر سعیدی ، شوکت سعیدی ، قاری مطیع الرسول سعیدی سمیت دیگرنے شرکت کی ۔اس موقع پر رہنمائوں طاہر سعیدی ، شوکت سعیدی ، قاری مطیع الرسول سعیدی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ سید حامد سعید کاظمی بے گناہ تھے ان کی رہائی حق سچ کی فتح ہے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند سید حامد سعید کاظمی کا ملتان آمد پر شاندار استقبال کریں گے انہوں نے کہا کہ سید حامد سعید کاظمی پر بے بنیاد جھوٹے مقدمات بنائے گئے لیکن اللہ کی مدد سے وہ اس آزمائش سے سرخرو ہو ئے ۔

دریں اثناء ان کے حامیوں نے ملتان آمدپران کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں جبکہ سابق وفاقی وزیر کے اہلخانہ بھی عدالتی فیصلے سے خوش دکھائی دیتے ہیں۔دوسری طرف بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ علامہ حامدسعید کاظمی کے بڑے بھائی جماعت اہلسنت پاکستان کے سربراہ علامہ پروفیسر مظہرسعید کاظمی ان دنوں سعودی عرب کے دورے پر ہیں ،ان کی وطن واپسی پر علامہ حامد سعید کاظمی کے استقبال کا فیصلہ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :