Live Updates

ملک میں کرپشن مافیا اور رشوت خور مافیا کا راج ہے، عمران خان کی کرپشن کے خلاف لڑی جانے والی جنگ کو ملک کے 80فیصد عوام کی حمایت حاصل ہے، کارکن آئندہ الیکشن کی بھر پور تیاری کریں، تحریکِ انصاف اقتدار میں آکر پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنائے گی ، اپنے دورِاقتدار میں تاجر برادری کے تمام مسائل کے حل کو یقینی بنائے گی

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی کا ملتان میں ظہرانے کی تقریب سے خطاب اورتاجروں اور کاکنوں سے گفتگو

پیر 20 مارچ 2017 22:35

ملک میں کرپشن مافیا اور رشوت خور مافیا کا راج ہے، عمران خان کی کرپشن ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 مارچ2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ عمران خان ملک سے کرپشن کے خاتمے کی جنگ لڑ رہا ہے۔ ملک میں کرپشن مافیا اور رشوت خور مافیا کا راج ہے۔ عمران خان کی کرپشن کے خلاف لڑی جانے والی جنگ کو ملک کے 80فیصد عوام کی حمایت حاصل ہے ۔عوام کی طرف سے عمران خان کے موقف کی تائید ہی تحریکِ انصاف کی کامیابی ہے ۔

کارکن آئندہ الیکشن کی بھر پور تیاری کریں ۔پاکستان تحریکِ انصاف اقتدار میں آکر پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنائے گی اور اپنے دورِاقتدار میں تاجر برادری کے تمام مسائل کے حل کو یقینی بنائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم پی اے حاجی جاوید اختر انصاری کی دعوت پر اندرون شہر کی مختلف مارکیٹس صرافہ بازار ،چوک بازار،حُسین آگاہی ، اندھی کھوئی اور گلی پتراں والی کلاتھ مارکیٹ کے دورہ کے دوران تاجروں اور کارکنوں سے گفتگو اور معروف تاجر رہنما حاجی مختیار علی انصاری اور حاجی یا سین انصاری کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پروائس چئیرمین تحریک انصاف مخدوم شاہ محمود قریشی اور حاجی جاوید اختر انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ود ہولڈنگ ٹیکس کے باعث تاجروں کے کاروبار ٹھپ ہو چکے ہیں ۔ حکومت کا ود ہولڈنگ ظالمانہ ٹیکس تاجروں کے لیے وبالِ جان بن چکاہے اور اس کے علاوہ پروفیشنل ٹیکس ، اولڈ ایج شیفٹ سوشل سیکورٹی پنجاب ریونیو اتھارٹی، پنجاب فوڈ اتھارٹی اور دیگر محکموں کی طرف سے تاجر برادری پر مضبوط شکنجہ ڈالا جا رہا ہے جس سے تاجروں کو اپنے کاروبار جاری رکھنے میں انتہائی مشکل ہو رہی ہے ۔

پاکستان تحریکِ انصاف ان تمام ظالمانہ ٹیکسز کا بھر پور انداز میں مزاحمت کرتی ہے اور تاجر برادری کے ہمراہ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔تقریب کے آخر میں شاہ محمود قریشی نے یاسین کلاتھ کی نئی دوکان کے افتتاح کے بعد دُعا بھی کروائی ۔اس موقع پر حاجی پرویز انصاری،حاجی امین انصاری ، آل پاکستان انجمن تاجران کے چیئر مین خواجہ سلیمان صدیقی ، عارف فصیح اللہ، یونس قریشی ، مرزا وارث بیگ ، شیخ اقبال قریشی ودیگر بھی موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات