فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کا بل تاخیر سے پیش کرنا حکومتی بددیانتی ہے ‘ فوج کے کام میں خلل ڈالا گیا ‘ شرجیل میمن کے معاملے پر قوم کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے،مسلم لیگ (ق) کے رہنما سینیٹرکامل علی آغا کی میڈیا سے بات چیت

پیر 20 مارچ 2017 22:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 مارچ2017ء) مسلم لیگ (ق) کے رہنما سینیٹرکامل علی آغا نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کا بل تاخیر سے پیش کرنا حکومت کی بددیانتی اور اپنے مفادات کے لئے ہے ‘ فوج کے کام میں خلل ڈالا گیا ‘ شرجیل میمن کے معاملے پر قوم کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے ۔ وہ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت جان بوجھ کر انتخابی اصلاحات میں تاخیر کر رہی ہے سابق دور میں انتخابی اصلاحات کیلئے قائم کمیشن نے کافی کام کیا تھا۔ اس پر عملدرآمد کی دیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ حکومت اور پیپلز پارٹی میں مک مکا ہے۔ شرجیل میمن کو کچھ نہیں ہو گا عوام کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔ کامل علی آغا نے کہاکہ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کو سخت سزا دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے عمل میں تاخیر بددیانتی ہے۔ اس بل پر 3 ماہ پہلے بات ہونی چاہیے تھی بل پر کسی کے تحفظات نہیں تھے صرف اپنے مفادات کیلئے فوج کے کام میں خلل ڈالا جا رہا ہے جو قابل مذمت ہے۔ پاک افغان پالیسی میں جب تک تبدیلی نہیں آئے گی تعلقات میں بہتری نہیں آ سکتی۔ ایک ماہ تک پاک افغان بارڈر بند رکھنا قابل مذمت ہے۔ …(رانا+ار)