پولیس حکام اپنا اطلاعاتی نظام مربوط بناکر صوبہ بھر میں ہر قسم کے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈائون کریں،آئی جی کے پی کے

پیر 20 مارچ 2017 22:22

پولیس حکام اپنا اطلاعاتی نظام مربوط بناکر صوبہ بھر میں ہر قسم کے جرائم ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) قائمقام انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا سید اختر علی شاہ نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنا اطلاعاتی نظام مربوط بناکر صوبہ بھر میں ہر قسم کے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈائون مزید تیز کریں۔یہ ہدایات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس پشاور سے صوبہ بھر کے ریجنل پولیس افسروں اور ڈسٹرکٹ پولیس افسروں کے نام ایک خصوصی حکم نامے میں جاری کیں۔

جسمیں لکھا گیا ہے کہ جرائم کے موثرکنٹرول سے امن و آمان کے قیام کوہی یقینی بنایا جاسکتا ہے اور جرائم کی روک تھام اور تفتیش کے بارے میں پولیس رولز میں تفصیل کے ساتھ طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ جو تمام سپر وائزری افسروں کو باقاعدگی سے اپنے اپنے یونٹوں کی رسمی اور غیر رسمی معائنوں کا پابند بنادیتی ہے۔

(جاری ہے)

حکم نامے میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مشتبہ افراد کے نقل و حرکت کے بارے میں پولیس کی سطح پر اطلاعاتی نظام کو مربوط بنائیں۔

اور جرائم کے آزادانہ اندراج کو یقینی بنائیں۔ ریجنل پولیس افسروں اور ضلعی پولیس افسروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس مقصد کے لیے روزنامچہ رپورٹوں اور اسٹریٹ کرائمز اور دوسرے قابل دست اندازی جہاں ایس ایچ اُو نے ایف آئی آر کی رجسٹریشن سے روگردانی کی ہوکو چیک کریں۔انہیں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تفتیش کے معیار کو مزید بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دیں اور جرائم پیشہ افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو قانون کے مطابق استعمال میں لائیں۔

حکم نامے میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ وہ مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری کا عمل مزید تیز کرکے اسمیں خاطر خواہ کمی لائیں اور ساتھ ساتھ ہر قسم کے جرائم بشمول قماربازی اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کریں۔ خصوصی حکم نامے میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے اور کرکٹ اور دیگر کھیلوں پر شرط لگانے کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے نتیجہ خیز کاروائی عمل میں لانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :