سپیکر قومی اسمبلی سے سعودی عرب کے سبکدوش ہونے والے سفیر کی ملاقات، خدمات کوسراہا

دہشت گردی ،انتہا پسندی جیسے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے مسلم امہ کے مابین قر یبی تعاون اوریکجہتی کا ہونا ناگزیر ہے، سردار ایاز صادق پاکستان عالم اسلا م میں اتحاد وہم آہنگی کے فروغ کیلئے سعودی عرب کیساتھ اشتراک کیلئے پر عزم ہے ، عبداللہ مرزوق الزہرانی سے گفتگو

پیر 20 مارچ 2017 22:06

سپیکر قومی اسمبلی سے سعودی عرب کے سبکدوش ہونے والے سفیر کی ملاقات، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) سعودی عرب کے سبکدوش ہونیوالے سفیرعبداللہ مرزوق الزہرانی نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پیر کے روز پارلیمنٹ ہائوس میں الوادعی ملاقات کی۔دونوں برادر اسلامی ممالک میں تعلقات کو فروغ دینے کیلئے عبداللہ مرزوق الزہرانی کی خدمات کو سر اہتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ ان کی مدت تعیناتی کے دوران پاک۔

سعودی وسیع البنیادتعلقات کو نئی بلندیاں حاصل ہوئیں ہیں ۔انہوں نے دونوں برادر اسلامی ممالک کو مزید قریب لانے اور تعلقات کو مستحکم بنانے میں سبکدوش ہونے والے سفیر کی کاوشوں کو سر اہا۔سعودی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلم امہ کے مابین قر یبی تعاون اوریکجہتی کا ہونا ناگزیر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالم اسلا م میں اتحاد وہم آہنگی کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے ساتھ اشتراک کے لیے پر عزم ہے ۔سپیکر نے مزید کہا کہ فرقہ واریت ،عدم استحکام اور افرادی قوت کی استعداد میں کمی کی بدولت مسلم امہ میںحقیقی تر قی کا سفر مشکلات کا شکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم امہ میں پائے جانے والے تنازعات کے حل کے لیے ایک فیصلہ کن کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہے ۔

سعودی عرب کے سفیرعبداللہ مرزوق الزہرانی نے سپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تعیناتی کے دوران انہیں پاکستان کی عوام اور حکومت کی طر ف سے محبت اور عقیدت کا تحفہ ملا ہے ۔انہوں نے سر دار ایاز صادق کی مشترکہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے قریبی تعاون کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین قریبی رابطوں اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا ۔

انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کو یقین دلایا کہ سعودی عرب خطے کی تر قی کے لیے پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب پاکستان کو علاقائی اور عالمی چیلنجز کے خاتمے کے لیے اپنا قریبی شر اکت دار تصور کرتا ہے ۔سعودی سفیر نے کہا کہ ان کی حکومت ایک خوشحال اور تر قی یافتہ پاکستان کی خواہش مند ہے ۔انہوں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے اسلا م کے حقیقی پیغام کو پھیلانے کی ضرورت پر زور دیا ۔