وزیراعظم کی ہدایت پر ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس

تین سب کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جو ان شعبہ جات کے بارے میں وزیر اعظم کو پیش کرنے کے لئے 31 مارچ تک اپنی سفارشات تیار کریں گی کاروباری برادری معاشی اور اقتصادی ترقی کی راہ میں حائل بنیادی مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، گورنر سندھ

پیر 20 مارچ 2017 21:35

وزیراعظم کی ہدایت پر ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2017ء) ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے اور اس ضمن میں اصلاحات کے لئے وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر قائم کی گئی کمیٹی کا پہلا اجلاس گورنر سندھ کی صدارت میں گورنر ہاؤس میں منعقد ہوا۔یہ کمیٹی بزنس کمیونٹی کے ساتھ 14 مارچ کو وزیر اعظم کی ملاقات کے دوران ان کی ہدایت پر قائم کی گئی ہے تاکہ اقتصادی شعبہ کے مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر موثر اقدامات کئے جاسکیں۔

کمیٹی ٹیکس اصلاحات،بنیادی سہولیات کی بہتر فراہمی، کپیٹل مارکیٹ اصلاحات اور سب سے بڑھ کر ملک میں روزگار کے مواقعوں میں اضافہ کے لئے سفارشات تیار کرے گی۔اجلاس کے دوران کمیٹی کی جانب سے تین سب کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جو ان شعبہ جات کے بارے میں وزیر اعظم کو پیش کرنے کے لئے 31 مارچ تک اپنی سفارشات تیار کریں گی۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ کاروباری برادری معاشی اور اقتصادی ترقی کی راہ میں حائل بنیادی مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور اس کی سفارشات سے ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال اور تیز رفتار صنعتی ترقی میں مدد ملے گی۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان بزنس کمیونٹی کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں اس لئے ان کے مسائل حل کئے جائیں گے۔ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج سے عارف حبیب،وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت کے صدر زبیر طفیل،آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے بشیر علی محمد،پاکستان بزنس کونسل کے احسان ملک،اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے خالد منصور اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر شمیم احمد فرپو نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :