انسانی جان سے قیمتی کوئی چیزنہیں ہے ،اللہ دتہ وڑائچ

ڈرگ انسپکٹر جعلی ،غیر معیاری ،گیر رجسٹرڈ اور نشہ آور ادویات فروخت کرنیوالوں کے خلاف ٹھوس کاروائی کو ہر صورت یقینی بنائیں ،ڈپٹی کمشنر حافظ آباد

پیر 20 مارچ 2017 21:11

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد اللہ دتہ وڑائچ نے کہا ہے کہ انسانی جان سے قیمتی کوئی چیزنہیں ہے اور حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق ڈرگ انسپکٹر جعلی ،غیر معیاری ،گیر رجسٹرڈ اور نشہ آور ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف ٹھوس کاروائی کو ہر صورت یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ میڈیکل سٹوروں پر جعلی ادویات فروخت ہوتی رہیں اور ہم اپنے دائرہ اختیار کی بحث میں پڑ کر ٹھوس کاروائی سے گریز کرتے رہیں انہوں نے واضح کیا کہ تحصیل پنڈی بھٹیاں کے ساتھ تحصیل حافظ آباد میں بھی قیمتی انسانی جانوں سے کھیلنے والے میڈ یکل سٹوروں ،اتائیوں اور غیر تربیت یافتہ افراد کے خلاف ٹھوس کاروائی عمل میں لائی جائے اور حکومت کی جانب سے تحصیل ڈرگ انسپکٹر حافظ آباد کی تعیناتی تک تحصیل ڈرگ انسپکٹر پنڈی بھٹیاں عارف غوری دونوں تحصیلوں میں فرائض کی ادائیگی کے پابند ہونگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات محکمہ صحت کی ڈسٹرکٹ ریویو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل میڈم مرضیہ حسنین چنگیزی ،سی ای او ڈاکٹر حامد رفیق ،ڈی ایم او عدنان چیمہ ،اے سی عمر فاروق وڑائچ ،ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر اعظم گل ،ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈی بھٹیاں ڈاکٹر یونس کھوکھر اور کمیٹی کے دیگر اراکین اجلاس میں شریک ہوئے ۔

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اہم ترین ترجیح ہے اور غریب مریضوں کو علاج کی معیاری سہولیات تک بآسانی رسائی کے لئے تمام ممکنہ وسائل ،ڈاکٹروں کی تعیناتی ،ہسپتالوں کی بہتری اور بحالی سمیت دیگر اقدامات کئے جارہے ہیں جن کے ضلع کی سطح پر خاطر خواہ مثبت نتائج بھی برآمد ہو رہے ہیں تاہم ابھی ہم سب کو مل کر بہت کچھ کرنا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی روڈ میپ کے تمام اہداف حاصل کئے جائیں اور سستی ،غفلت اور عدم دلچسپی برتنے والوں کے خلاف ٹھوس کاروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے ڈاکٹروں کی حاضری ،ادویات کی دستیابی اور طبی آلات ،مشینری اور صفائی ستھرائی کی صورتحال میں واضح بہتری کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں ماہانہ ہزاروں مریضوں کا علاج کے لئے آنا اور فراہم کردہ سہولیات پر اطمینان کا اظہار خوش آئیند ہے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر حامد رفیق نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب کے ہیلتھ روڈ میپ کے اہداف کو ذمہ داری کے ساتھ حاصل کیا جارہاہے اور محکمہ صحت کے انتظامی افسران ،ڈاکٹر ،نرسز اور سٹاف اپنے فرائض خلوص نیت سے ادا کر رہاہے انہوں نے کہاکہ واک ان انٹرویو پالیسی کے تحت میڈیکل آفیسر اور ویمن میڈیکل آفیسرز کی تعیناتی سے ڈاکٹروں کی کمی کا مسلہ بڑی حد تک حل ہو چکاہے جبکہ سیکورٹی ،صفائی اور دیگر نان کلینکل امور کو آئوٹ سورس کرنے سے ان میں بھی بہتری آرہی ہے انہوں نے کہاکہ مسائل یقینا موجود ہیں تاہم وسائل کی فراہمی اور عزم کے زریعے ان پر تیزی سے قابو پایا جاچکاہے اور آج کا ڈی ایچ کیو ہسپتال حافظ آباد اور تحصیل ہسپتال پنڈی بھٹیاں میں مریضوں کو دستیاب سہولیات ،مفت ادویات کی فراہمی اور دیگر امور میں واضح بہتری نظر آرہی ہے جس کا اعتراف عوامی سطح پر بھی کیاجا رہاہے تاہم بہتری کی ہمہ وقت گنجائش کے تحت مسلسل اقدامات کے زریعے اس معیار کو بہتر سے بہترین بنانے کا عمل جاری ہے ۔