علامہ اقبال میڈیکل کالج/ جناح ہسپتال میں ہفتہ صفائی و شجر کاری کا آغاز

پرنسپل پروفیسرراشد ضیاء اورایم ایس ڈاکٹر سہیل ثقلین کی افتتاحی تقریب میں شرکت

پیر 20 مارچ 2017 21:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) علامہ اقبال میڈیکل کالج اور جناح ہسپتال میں سوموار کے روز ہفتہ صفائی اور شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے دوران ہسپتال کا تمام عملہ کالج اور ہسپتال کی حدود میں صفائی ، ہاسپٹل ویسٹ مینجمنٹ ، انفیکشن کنٹرول اور دیگر امور میں بھر پور حصہ لے گااور محکمہ جنگلات کے تعاون سے ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لئے درخت بھی لگائے جائیں گی-یہ بات میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جناح ہسپتال ڈاکٹر سہیل ثقلین نے بتائی -انہوں نے کہا ہفتہ صفائی کے پہلے روز ڈاکٹرز ، نرسز اور پیرا میڈیکس کے لئے ہاسپٹل ویسٹ مینجمنٹ، آپریشن تھیٹر ز اور وارڈوں میں انفیکشن کنٹرول کے بارے تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی-انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر صفائی اور حفظان صحت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے علامہ اقبال میڈیکل کالج سے ہسپتال تک آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا گیا جس کی قیادت پرنسپل پروفیسر راشد ضیاء نے کی اور ہسپتال کے سٹاف کے علاوہ محکمہ جنگلات ، پی ایچ اے اور واسا کے افسران نے بھی شرکت کی -ڈاکٹر سہیل ثقلین نے مزید کہا کہ کالج اور ہسپتال کی حدود میں ماحول کو خوشگوار بنانے اور آلودگی کو کم کرنے کے لئے درخت لگا نے کی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہی- ان کا کہنا تھا کہ کالج اور ہسپتال کو بہتر سے بہتر بنانے اور مریضوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہسپتال انتظامیہ اپنی کوششیں جاری رکھے گی ۔