حکومت کی ڈس انفارمیشن مہم اورپی ٹی آئی کے خلاف محلاتی سازشیں ناکام ہوں گی‘عبدالعلیم خان

نواز لیگ کے پی کے حکومت کی کارکردگی کا مقابلہ کرنے کی بجائے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کر رہی ہے‘رہنمائوں سے گفتگو

پیر 20 مارچ 2017 21:02

حکومت کی ڈس انفارمیشن مہم اورپی ٹی آئی کے خلاف محلاتی سازشیں ناکام ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کے ساتھیوں کے خلاف حکومت کی ڈس انفارمیشن مہم اپنی موت آپ مر جائے گی اور پی ٹی آئی کے خلاف محلاتی سازشیں کرنے والے ناکام ہوں گے ، حکومتی اداروں کو استعمال کر کے من پسند نتائج حاصل کرنے کی خواہش پوری نہیں ہو گی نواز لیگ کے پی کے کی حکومت کا کارکردگی میں مقابلہ کرنے کی بجائے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کر رہی ہے ،آج جمہوریت کا درس دینے والوں نے ماضی میں بھی کردار کشی اور خود ساختہ سکینڈلوں کی سیاست کی ۔

عبدالعلیم خان نے چیئرمین سیکر ٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے کریڈٹ پر گزشتہ 20برسوں کی سیاسی جدوجہد ہے اور بالخصوص گزشتہ 5برسوں میں آنے والے انقلاب کے سامنے کوئی نہیں ٹھہر سکے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ نواز لیگ نی2013میں عمران خان کے خلاف انتخابات میں جیتنے کیلئے "میچ فکس "کیالیکن اب عوام ایسا کرنے کی اجازت نہیں دیںگے اور آئندہ انتخابات جب بھی منعقد ہوئے تحریک انصاف کا پلڑا بھاری ہو گا اور کامیابی عمران خان کے قدم چومے گی ۔

دریں اثناء صدر سنٹرل پنجاب عبدالعلیم خان سے چیئرمین سیکرٹریٹ میں صوبائی سیکرٹری سید صمصام علی بخاری ، گجرانوالہ ضلع کے صدر نعمان چھٹہ اور جنرل سیکرٹری ارقم خان ،منڈی بہاؤ الدین کے ضلعی صدر فلک شیر رانجھا ،حافظ آباد کے ضلعی صدر شعیب تارڑ اور جنرل سیکرٹری مہر رضوان ، نارووال کے ضلعی صدر ندیم نثار اور جنرل سیکرٹری عارف خان سمیت پارٹی رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں اور سیاسی و پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔