مستقبل قریب میں ترقی کا محور گلگت بلتستان اور بلوچستان ہوں گے، سی پیک کا بیس کیمپ ..
تازہ ترین : 1
مستقبل قریب میں ترقی کا محور گلگت بلتستان اور بلوچستان ہوں گے، سی پیک ..

مستقبل قریب میں ترقی کا محور گلگت بلتستان اور بلوچستان ہوں گے، سی پیک کا بیس کیمپ ہونے کی حیثیت سے گلگت بلتستان معاشی ترقی کا بھی بیس کیمپ بنے گا اور علاقے کے عوام کی زندگی میں خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مارچ2017ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ مستقبل قریب میں پاکستان کی شاندار ترقی کا محور گلگت بلتستان اور بلوچستان کے علاقے ہوں گے، سی پیک کا بیس کیمپ ہونے کی حیثیت سے آنے والے دنوں میں گلگت بلتستان کا علاقہ پاکستان کی معاشی ترقی کا بھی بیس کیمپ بنے گا جس سے اس علاقے کے عوام کی زندگی میں خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کے حل اور اُن کی خوشحالی کے لیے ترجیجی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان قانون سازاسمبلی کے انتخابات کے موقع پر نئے اضلاع کے قیام سمیت دیگر کئی وعدے قلیل مدت میں پورے کر دیے گئے ہیں اور دیگر وعدوں پر عمل درآمد پر پیشرفت تیزی سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جگلوٹ سکردو روڈ گلگت بلتستان کے عوام کا ایک دیرانہ مطالبہ تھا جس پر بڑی تیزی سے پیشرفت کی جا رہی ہے اور اس سڑک کی تعمیر سے گلگت بلتستان کے عوام کو تعلیم و صحت کی سہولتوں سمیت معاشی لحاظ سے بے پناہ فوائد حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ حکومت سی پیک کے تحت گلگت بلتستان کے منصوبوں اور دیگر پی ایس ڈی پی کے منصوبوں پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے۔

انہوںنے کہا کہ چند ہفتے قبل انہوں نے خود پی ایس ڈی پی کے منصوبوں پر ایک تفصیلاً بریفینگ لی اور ان منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے عملی اقدامات لینے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ڈی پی کے منصوبوں کی پیشرفت جانچنے کیلئے وہ ہر تین ماہ بعد جائزہ لیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ایس ڈی پی کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کیلئے گلگت بلتستان حکومت کی استعداد کار بڑھانے کی بھی بات کی گئی ہے اور امید ہے کہ ان منصوبوں پر جلد کام مکمل کر لیا جائے گا۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوںنے متعدد بار گلگت بلتستان کا دورہ کر کے وہاں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان سیاحت کے حوالے سے بڑی صلاحیت رکھتا ہے اور وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں غیر ملکی سیاحت کو بڑھانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری سے گذشتہ سال 10 لاکھ سے زائد مقامی سیاحوں نے گلگت بلتستان کا رخ کیا جس میں اس سال اور بھی زیادہ اضافہ کی امید ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی و غیر ملکی سطح پر گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے کوششیں جاری رکھی ہوئی ہے اور اگر امن و امان، معاشی خوشحالی اور سیاسی استحکام اسی طرح قائم رہا تو عنقریب گلگت بلتستان بین الاقوامی سیاحت کے حوالہ سے دنیا کے ایک بڑے مرکز کے طور پر سامنے آئے گا۔ چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ سیاحت کے علاوہ گلگت بلتستان منرلزاور ہائیڈل پاورکے سیکٹر میں بے پناہ صلاحیت ہے جس کے بہترین استعمال سے نہ صرف گلگت بلتستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے بلکہ پورے پاکستان کی معیشت پر بھی اس کے مثبت اثرات پڑیں گے۔
وقت اشاعت : 20/03/2017 - 20:46:26

متعلقہ عنوان :

اپنی رائے کا اظہار کریں