کراچی ،رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں ،سنگین وارداتوں میں ملوث 6ملزمان گرفتار ،اسلحہ اور منشیات برآمد

پیر 20 مارچ 2017 20:46

کراچی ،رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں ،سنگین وارداتوں میں ملوث ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) پاکستان رینجرز سندھ نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ ،دہشت گردی ،اغوا برائے تاوان ،منشیات فروشی اور ڈکیتی سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث 6ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔ترجمان رینجرز کے مطابق منگھوپیر کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کے دوران 3ملزمان بادشاہ اسلام ،محمد افضل اور سید مہر گل عرف گل خان کو گرفتار کرلیا ۔

ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سوات گروپ سے ہے ۔

(جاری ہے)

ملزمان ٹارگٹ کلنگ ،دہشت گردی اور اغوا برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے ۔دوسری کارروائی میں رینجرز نے سپرمارکیٹ سے ایک ملزم سلطان کو گرفتار کیا ۔ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے ۔ملزم لیاری کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی ،اغوا برائے تاوان اور منشیات فروشی جیسے جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے ۔

عوامی کالونی میں رینجرز نے منشیات فروش محمد رضوان اور ڈکیت عدنان کو گرفتار کرلیا ۔ملزمان منشیات فروشی اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں ۔ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ ،ایمونیشن اور بھاری تعداد میں منشیات برآمد کرلی گئی ۔ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے ۔