ٹیکس نادہندگان گاڑیوں کے خلاف مہم 31 مارچ تک جاری رہے گی، مکیش کمار چاولہ

پیر 20 مارچ 2017 20:43

ٹیکس نادہندگان گاڑیوں کے خلاف مہم 31 مارچ تک جاری رہے گی، مکیش کمار چاولہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء)صوبائی وزیر برآئے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاولہ نے کہا ہے کہ ٹیکس نادہندگان گاڑیوں کے مالکان سے ٹیکس وصولی کے لئے آج سے شروع کی جانے والی مہم 31 مارچ تک پورے صوبے میں جاری رہے گی۔اس مقصد کے حصول کے لئے صرف کراچی میں 11 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کراچی میں 38 مقامات پر چیکنگ کے فرائض انجام دیں گی۔

انہوںنے چیکنگ پر مامور عملے کو ہدایت کی کہ وہ چیکنگ کے دوران باقاعدہ یونیفارم پہنیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے گاڑیوں کے مالکان کو ان کے مفاد میں مشورہ دیا کہ وہ اپنی گاڑیوں کو سڑکوں پر لانے سے قبل ٹیکس ادا کردیں تاکہ انہیں کسی ناخوشگوار صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے کیونکہ ٹیکس نادہندگان گاڑیوں کو ضبط کرلیا جائے گا اور ٹیکس اور جرمانے کی ادائیگی کے بعد ہی گاڑیوں کو چھوڑا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسٹاف کو مزید ہدایت کی کہ وہ دوران چیکنگ نرمی سے پیش آئیں اور کسی صورت میں ٹریفک کی روانی میں خلل نہ پڑے۔ انہوںنے کہا کہ چنگچی رکشہ، آٹو رکشہ؛ بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑیوں، مشکوک نمبر پلیٹ، عارضی یا پرانی نمبر پیٹوں اور منسوخ کی جانے والی نمبر پلیٹوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔