مردم شماری میں بے گھر پختونوں کے اندراج کو یقینی بنایا جائے، سکندر شیرپائو وزیر آبپاشی خیبرپختونخوا

پیر 20 مارچ 2017 20:43

مردم شماری میں بے گھر پختونوں کے اندراج کو یقینی بنایا جائے، سکندر ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) خیبر پختونخواکے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاو،ْ نے وفاقی حکومت اور ملک میں مردم شماری کرانے کے ذمہ داروں سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں جاری مردم شماری کے دوران قبائلی علاقہ جات کے تمام آئی ڈی پیز اور دوسرے بے گھر تمام پختونوں کے صحیح اندراج کو یقینی بنایا جائے تا کہ قومی دھارے میں انہیں اپنا مقام مل سکے۔

انہوں نے مردم شماری کے عملہ اور تمام با شعور افراد پر زور دیا ہے کہ وہ اس قومی فریضے کو انجام دینے میں آئی ڈی پیز کی مدد کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مختلف قبائلی علاقوں سے آئے ہوئے آئی ڈی پیز کے وفود سے ملاقات کے دوران کیاجنہوں نے وطن کو ر پشاور میں سینئر صوبائی وزیر سے پیر کے روز ملاقاتیںکیں۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپاو نے اس موقع پر آئی ڈی پیز کو ہر ممکن تعاو،ْن کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پختونوں کے تمام بنیادی حقوق اور ترقی کیلئے قومی وطن پارٹی بے لوث خدمات انجام دیتی رہے گی اور تمام پختونوں کی وحدت اور پُرامن ترقی ان کی خواہش ہے جس کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پختونوں کی اکثریت دہشت گردی اور دوسرے سماجی مسائل سے دوچار ہونے کے باعث اپنے ہی ملک میں بے گھر ہو کر زندگی بسر کر رہے ہیںجس کی وجہ سے ملک میں جاری قومی مردم شماری میں انہیں اندراج سے متعلق شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ان خدشات کے پیش نظر اُن کے قومی دھارے میں کردار اور تشحص کا معاملہ مشکل میں ہے جس کے ازالے کیلئے قومی وطن پارٹی کی قیادت مسلسل جدوجہد کر رہی ہے آئی ڈی پیز نے صوبائی وزیر کا ان کے مسائل میں دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پختونوں کی وحدت اورمسائل کے حل کیلئے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔