Live Updates

عمران خان کی بڑھتی مقبولیت سے خائف سیاسی قوتیں اتحادوں کا سہارا لے ر ہی ہیں، وزیر قانون خیبرپختونخوا

پیر 20 مارچ 2017 20:43

عمران خان کی بڑھتی مقبولیت سے خائف سیاسی قوتیں اتحادوں کا سہارا لے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امورامتیاز شاہد قریشی نے کہا ہے کہ عوامی سپورٹ سے محروم سیاسی قوتیں پارٹی قائد عمران خان کی روزبروز بڑھتی ہوئی مقبولیت اور سیاسی وژن سے خوفزدہ ہو کر اتحادوں کا سہارا لے رہی ہیں لیکن انہیں منہ کی کھانی پڑیگی اور شکست اُنکا مقدر بنے گی۔انہوں نے کہا کہ پسماندہ اورماضی میں نظرانداز شدہ علاقوں کی ترقی کے لئے موجودہ حکومت کے اقدامات سے سیاسی مخالفین کے اوسان خطا ہوگئے ہیں اور وہ حکومت کو بدنام کرنے کے درپے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ نیابت کے گاؤںسوڈل کوہاٹ میں 1کروڑ 20 لاکھ روپے کی لاگت کی آبنوشی سکیم کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔اس موقع پر تحصیل ناظم اشفاق قریشی، نائب ناظم ناظر محمود، معززین علاقہ،سرکاری افسران اور عام لوگوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پسماندہ اور محروم عوام کوان کے حقوق دلانے اور انہیں زندگی کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لئے وہ دن رات کام کررہے ہیں اوریہی ان کے لئے باعث اطمینان وسکون ہے۔

وزیر قانون نے کہا کہ آبنوشی سکیم علاقے کے عوام کاا یک دیرینہ مطالبہ تھا جسے صوبائی حکومت نے پورا کردیاہے انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلقہ کے عوام کی بے لوث خدمت کرتے ہوئے پی کی39 میںایسے مفیدمنصوبے شروع کروانے کے لئے اپنی شبانہ روزمحنت جاری رکھیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ یونین کونسل سوڈل میں مذکورہ سکیم کے علاوہ علاقے میں دیگرآبنوشی سکیموں جن میں 1کروڑ53لاکھ روپے کی لاگت سے ورشنڈ آبنوشی سکیم،چیشنہ غنڈہ واٹر سپلائی سکیم 1کروڑ30لاکھ روپے اورشویکی شریف 24لاکھ روپے کے منصوبوں پربھی تیزی سے کام جاری ہے جنہیںبہت جلد مکمل کر دیا جائے گا اور اس سے لوگوں کو گھر گھر پینے کا صاف پانی فراہم ہوگا۔

امتیاز قریشی نے کہا کہ غریب لوگوں کی خدمت کرنا ان کے مخالفین پر ناگوار گزررہی ہے اس لئے وہ عوام کو گمراہ کرنے کے لئے جھوٹے اور منفی پروپیگنڈے کررہے ہیں لیکن باشعور عوام انہیں اچھی طرح جانتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ کوئی مائی کا لال انہیں اپنے مشن سے ہٹا نہیں سکتا کیونکہ غریب لوگوں نے ہی اپنے ووٹ سے انہیںیہ ذمہ داری سونپی ہے اور وہ ہر مشکل گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ رہیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات