سوات موٹر وے ملاکنڈ کے عوام کیلئے حکومت کا عظیم منصوبہ ہے، محمود خان وزیر ثقافت خیبرپختونخوا

پیر 20 مارچ 2017 20:38

سوات موٹر وے ملاکنڈ کے عوام کیلئے حکومت کا عظیم منصوبہ ہے، محمود خان ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل، ثقافت، میوزیم و امورنوجوانان اور پاکستان تحریک انصا ف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کی خوشحالی و ترقی کیلئے 40ارب روپے کی کثیر لاگت سے سوات موٹر وے کا عظیم منصوبہ شرو ع کیا ہے ۔اسی طرح ضلع بونیر میں یونیورسٹی کے قیام کی بھی منظوری دی جا چکی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پشاور میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ تقریب کے دوران ضلع بونیر سے تعلق رکھنے والے عوامی ورکرز پارٹی کے ضلعی صدر خانزادہ گُجر،گل برخان گُجر،حاجی جمعہ رحمن ، مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے خانزادہ اور بخت زادہ گُجر صدر گُجر یوتھ مسقط نے اپنی پارٹی سے مستفعی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر محمود خان نے نئے شامل ہونے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے بروقت اچھا اور دانشمندانہ فیصلہ کیا ہے اور اپنے فیصلے پر کبھی نادم نہیں ہونگے۔محمود خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں اور عملی اقدامات کی بدولت نہ صرف عوامی مسائل بروقت حل ہورہے ہیں بلکہ میرٹ کی بالادستی اور حق دار کو حق کی فراہمی بھی ممکن ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے مخالف سیاسی قوتوں کی ہر سازش کو ناکامی سے دوچار کیا ہے اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی قیادت میں صوبے کی تعمیر و ترقی کیلئے جو انقلابی اقدامات اٹھائے ہیںمخالفین بھی ان کی تائید کررہے ہیں۔وزیر کھیل نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک میں صاف ستھری سیاست کو متعارف کروایا جو تبدیلی کی واضح علامت ہے اور انشاء ا لله 2018کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف مثبت اور اچھی کارکردگی کی بناپر ملک بھر میں بھرپور طریقے سے کامیابی حاصل کرے گی ۔اس موقع پر پی ٹی آئی ضلع بونیر کے صدر ریاض خان ،ملاکنڈ ریجن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل فخر جہاں، پی ٹی آئی دیر لوئر کے صدر بشیر خان اور اقبال خان بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :