وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا ورلڈ ڈاؤن سینڈروم ڈے کے موقع پر پیغام

پیر 20 مارچ 2017 20:08

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا ورلڈ ڈاؤن سینڈروم ڈے کے موقع پر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ورلڈ ڈاؤن سینڈروم ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ڈاؤن سینڈروم کے مرض میں مبتلا خصوصی بچے معاشرے کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ ذہنی امراض سے متعلق آگاہی نہایت ضروری ہے تاکہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے مرض سے محفوظ رہا جا سکے۔ ذہنی وجسمانی طور پر صحت مند انسان ہی معاشرہ کی بھلائی کیلئے بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاسکتے ہیں۔

خصوصی بچے اہلیت اورقابلیت کے لحاظ سے کسی طوربھی نارمل بچوں سے کم نہیں۔ خصوصی بچوں کوتعلیم و تربیت کی بہترین سہولیات فراہم کر کے انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جاسکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ورلڈ ڈاؤن سینڈروم ڈے کا بنیادی مقصد ڈاؤن سینڈروم جیسی بیماری سے متعلق آگاہی دینا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ذہنی امراض سے لا علمی اور علاج میں تساہل بیماری بڑھنے اور بگڑنے کا سبب بنتا ہے۔

خصوصی بچوں کی نگہداشت ،بحالی اور تعلیم و تربیت ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ پنجاب حکومت خصوصی بچوں کی بحالی اورنگہداشت کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اورخصوصی بچوں کی بحالی کے اداروں میں تعلیم و تربیت کی سہولتوں کو بہتر بنایا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام میں ذہنی و نفسیاتی امراض کے بارے میں شعور بیدار کرنا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔

حکومت نے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کا تہیہ کر رکھا ہے اور صوبہ میں خصوصی افراد کیلئے ملازمتوں میں خصوصی کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں زندگی کے تمام شعبوں میں خصوصی افراد کو مساوی ترقیاتی مواقع فراہم کرنے کیلئے کوششیں تیز کرنی چاہئیں اور آج کے دن ہمیں اس امر کاعزم کرنا ہے کہ ڈاؤن سینڈروم میں مبتلا خصوصی بچوں کی نگہداشت اورموثر علاج کیلئے کوششوں کو مزید موثر انداز میں جاری رکھیں گے۔