پولینڈنیوی کے سربراہ کا دورہ نیول ہیڈ کوارٹرز،پاک بحریہ کے سربراہ سے پیشہ ورانہ اُمور اورباہمی بحری تعاون پر تبادلہ خیال

پیر 20 مارچ 2017 20:08

پولینڈنیوی کے سربراہ کا دورہ نیول ہیڈ کوارٹرز،پاک بحریہ کے سربراہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء)پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کی دعوت پرپاکستان کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے پولینڈ نیو ی کے سربراہ ریئر ایڈمرل میروسلاء مورڈِل نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آبادکا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ سے ملاقات کی۔ نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے ریئر ایڈمرل میروسلاء مورڈِل کو خوش آمدیدکہا۔

پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔ سلامی کے بعدمعزز مہمان کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں تعینات پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف کروایا گیا۔ بعد ازاں ، پولینڈ نیوی کے سربراہ نے پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ اُمور اور مختلف شعبوں میں باہمی بحری تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

معزز مہمان کوپاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر ایک تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

پولینڈ نیوی کے سربراہ نے بحرِ ہند اور عالمی سمندروں میں مشترکہ سکیورٹی کے قیام کے سلسلے میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا ،جو عالمی بحری افواج کی متفقہ سوچ ہے۔ریئر ایڈمرل میروسلاء مورڈِل نے اس سال فروری میںکراچی میں کثیرالملکی بحری مشق امن 2017کے کامیاب انعقاد میں پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ایڈمرل ذکاء اللہ نے مشترکہ عزم --’’ امن کے لئے متحد‘‘ کے جذبے کے تحت کثیرالملکی بحری مشق امن2017میں پولینڈ نیوی کی بھر پور شرکت پر پولینڈ نیوی کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد میں اپنی مصروفیات کے دوران ریئر ایڈمرل میروسلاء مورڈِل نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور پاک فضائیہ کے سربراہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔پولینڈ نیوی کے سربراہ اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میںکراچی اور لاہور میں نیول فیلڈ کمانڈرز سے ملاقاتیں کریں گے۔ان ملاقاتوں کے علاوہ معزز مہمان پاکستان نیو ی وار کالج لاہور اورکراچی میں پاکستان نیوی کی مختلف یونٹس کا دورہ کریں گے اور مزار قائد پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائیں گے۔

ریئر ایڈمرل میروسلاء مورڈِل کو کئی کمانڈ اینڈ اسٹاف عہدوں پر فائز رہنے کا اعزاز حاصل ہے جن میںچیف آف اسٹاف آف سب میرین اسکواڈرن،نیٹو کمانڈر سب میرین فورس ایسٹ اٹلانٹک کے ایکسرسائز پلانر، ڈپٹی چیف آف پلانز اینڈ پالیسی ڈویژن اور ڈپٹی چیف آف اسٹریٹیجک پلاننگ اینڈ کمانڈ آف تھرڈ شپ فلوٹیلا شامل ہیں۔ ریئر ایڈمرل میروسلاء مورڈِل ، پولینڈ نیول اکیڈمی اور جنرل اسٹاف کالج آف جرمن آرمڈ فورسز کے گریجویٹ ہیں۔آپ امریکہ کے نیول کمانڈ کالج، نیو پورٹ کے پوسٹ گریجویٹ ہیں۔ پولینڈنیول چیف کا یہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان باہمی تعلقات میں استحکام کا باعث بنے گا۔