زیور تعلیم سے آراستہ طالبات پاکستان کی پائیدار اور مستحکم سماجی و معاشی ترقی کی ضامن ہیں ‘رفیق رجوانہ

علم نور ہے اور علم حکمت و دانائی کی دولت سے مالا مال کر کے نوجوان نسل کو مستقبل کے چیلنجوں سے عہدہ برآ ہونے کیلئے صلاحیتیں عطا کرتا ہے ڈگری حاصل کرنے والی طالبات پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے قوم ان سے بے پناہ توقعات رکھتی ہے‘گورنر پنجاب کا تقریب سے خطاب

پیر 20 مارچ 2017 20:07

زیور تعلیم سے آراستہ طالبات پاکستان کی پائیدار اور مستحکم سماجی و معاشی ..
ْ%لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ زیور تعلیم سے آراستہ طالبات پاکستان کی پائیدار اور مستحکم سماجی و معاشی ترقی کی ضامن ہیں اور جدید علوم و فنون میں مہارت رکھنے والی نوجوان نسل کی آنکھوں میں سنہرے مستقبل کی چمک درحقیقت جدید،متمدن اور ترقی یافتہ پاکستان کے سہانے مستقبل کی شبیہ ہے ۔

یہ بات انہوں نے گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن کے موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں کہی۔ کانووکیشن میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت افزا، صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ، ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی، حبیب اللہ بھٹہ،ڈاکٹر رانا محمد طارق،ممبران سنڈیکیٹ ، فیکلٹی ممبران ، طالبات اور ان کے والدین موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ عصر حاضر علوم و فنون میں مہارت حاصل کر کے مضبوط نالج اکانومی کی برتری سے عبارت ہے اور آج صادق ویمن یونیورسٹی سے ڈگری حاصل کرنے والی طالبات پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کریں گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ علم نور ہے اور علم حکمت و دانائی کی دولت سے مالا مال کر کے نوجوان نسل کو مستقبل کے چیلنجوں سے عہدہ برآ ہونے کے لیے صلاحیتیں عطا کرتا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ڈگری حاصل کرنے والی طالبات پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ قوم ان سے بے پناہ توقعات رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈگری حاصل کرنے والی طالبات پاکستان کی تعمیر وترقی کے عمل میں اہم سٹیک ہولڈر کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ وہ اس عظیم روایات کے حامل ادارے سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد اپنے والدین ، کم وسائل رکھنے والے طبقات اور ملک و قوم کے عظیم تر مفاد ات کی نگہبانی کے لیے اپنا فریضہ قومی جذبے سے سرشار ہوکر ادا کریں۔

گورنر پنجاب نے کہا صادق ویمن یونیورسٹی عظیم اور شاندار روایات کی امین ہے۔1944ء میں انٹر میڈیٹ کالج کے آغاز سی2012ء میں یونیورسٹی کا درجہ حاصل کرنے تک اس عظیم تعلیمی ادارے نے طالبات کو جدید علوم وفنون سے آراستہ کرنے کے لیے شاندار خدمات سرانجام دی ہیں۔ انہوں نے اس ادارے کے قیام کے لیے سابق حکمران ریاست بہاول پور نواب سرصادق محمد خاں خامس عباسی کی تعلیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے لیڈر قوموں کی تعمیر وترقی کے لیے دور رس اور ہمہ گیر مثبت و تعمیری ویژن کو بروئے کار لاتے ہیں جو قوموں کی تقدیر بدل دیتے ہیں اور صادق ویمن یونیورسٹی جس کا عملی ثبوت ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان دنیا کے نقشے پر جنت ارضی کا درجہ رکھتا ہے اور جس قوم کی بیٹیاں علوم و فنون میں مہارت رکھتی ہوں اس کی ترقی کے عمل کو کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے نوجوان نسل پر عظیم ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حصول تعلیم کے بعد اگر بیٹیوں کو گھر میں بٹھانا ہے تو اس کا فائدہ پاکستان کو نہیں ہوگا ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ میں بطور والد دعا دیتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ سب کو اچھا نصیب دے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت شاندار تہذیبی ورثے کی امین سرائیکی دھرتی کو زندگی کے مختلف شعبوں میں ترقی دینے کے لیے اعلیٰ تعلیمی ادارے جن میں یونیورسٹیز، میڈیکل کالجز، انجینئرنگ و زرعی کالجز، سولر پارک اور موٹر ویز کا جال بچھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہتر اور معیاری تعلیمی و دیگر سہولیات کی فراہمی آپ پر کوئی احسان نہیں بلکہ عوام کا حق ہے اور حکومت کا اولین فرض ہے۔

قبل ازیں وائس چانسلر گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر طلعت افزا نے پہلے کانووکیشن کے موقع پر خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ اس ادارہ نے 2012ء میں جنوبی پنجاب کی نوجوان خواتین کے لئے علیحدہ یونیورسٹی کا درجہ حاصل کر لیا تھا جس میں بی ایس چار سالہ اور ایم اے دو سالہ ڈگری پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ۔

انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں یونیورسٹی میں تحقیق پر مبنی تعلیم ایم فل اور ایم ایس کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں 74فیکلٹی ممبران ہیں جن میں سے 20پی ایچ ڈی ہیں۔یونیورسٹی میں 5بڑی فیکلٹیز کے تحت 14شعبہ جات میں 26تعلیمی پروگراموں میں 6ہزار سے زائد طالبات زیر تعلیم ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جلد ہی 125ایکڑ پر مشتمل گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی کی نئی عمارت تعمیر کی جائے گی۔

آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت افزا نے یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طالبات گولڈ وسلور میڈل حاصل کرنے والی طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے زندگی کے سب سے اہم حصول تعلیم کے مقصد میں کامیابی حاصل کی۔بعد ازاںانہوں نے طالبات کے روشن مستقبل کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا۔دریں اثنا،گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے سول ہسپتال بہاول پور کا اچانک دورہ کیا۔

انہوں نے ایمرجنسی وارڈ، آؤٹ ڈوروارڈ، شعبہ فارمیسی سمیت دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب کے ہمراہ صوبائی وزیر امداد باہمی ملک اقبال چنڑ، ڈپٹی کمشنر بہاول پور رانا محمد سلیم افضل،ڈاکٹر احسن فردوس و دیگر موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے مریضوں سے علاج معالجہ کی سہولیات بارے دریافت کیا۔ انہوں نے ایم ایس سول ہسپتال کو ہدایت کی کہ ایمرجنسی وارڈ میں خواتین مریضوں کے لیے علیحدہ بیڈز رکھے جائیں تاکہ ان کے پردے کا تقدس ہر صورت برقرار رہے۔

انہوں نے ہسپتال میں دستیاب سہولیات بارے مریضوں کی اطمینان بخش رائے کو حکومت کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔ گورنر پنجاب نے سول ہسپتال میں پولیو مہم کے لیے قائم کردہ پولیو کاؤنٹرز کا بھی معائنہ کیا اور پولیو سے بچاؤ کی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے پولیو مہم کی آگاہی مہم کو مزید مؤثر طور پر چلانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سول ہسپتال میں صفائی ستھرائی کی صورت حال پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :