رنگ روڈ سدرن لوپ کا منصوبہ معاشی و سماجی سرگرمیوں کے فروغ کا باعث بنے گا‘شہبازشریف

وزیراعلیٰ کا لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ کے منصوبے کا دورہ ، تعمیراتی کام کی رفتار کا جائزہ لیا، پیشرفت پر اظہار اطمینان منصوبے پر معیار اور تیز رفتاری سے تعمیراتی کام کی تعریف ،ڈی جی ایف ڈبلیو او لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے وزیراعلیٰ نے کماہاں سے گجومتہ اور گجومتہ سے رائے ونڈ انٹر چینج تک سدرن لوپ کے کئی کلومیٹر طویل منصوبے کا 2 گھنٹے تک دورہ کیا منصوبے پر کام کی رفتاراور معیار بے مثال ہے، عوام کو جدید اور معیاری آمد و رفت کی سہولتیں ملیںگی، ٹریفک میںبہتری آئے گی پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح یہ منصوبہ بھی شفافیت ، اعلیٰ معیار کا شاہکار ہوگا اور مقررہ مدت کے اندر مکمل ہوگا‘وزیراعلیٰ پنجاب

پیر 20 مارچ 2017 20:04

رنگ روڈ سدرن لوپ کا منصوبہ معاشی و سماجی سرگرمیوں کے فروغ کا باعث بنے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ کے منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے کے مختلف مقامات پر تعمیراتی کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ڈی جی ایف ڈبلیو او لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے پر اعلیٰ معیار اور تیز رفتاری سے تعمیراتی کام کی تعریف کی اور ایف ڈبلیو او کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔

وزیراعلیٰ نے کماہاں سے گجومتہ اور گجومتہ سے رائے ونڈ انٹر چینج تک لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ کے کئی کلومیٹر طویل منصوبے کا 2 گھنٹے تک دورہ کیا۔ رائے ونڈ انٹرچینج پر وزیراعلیٰ کو تعمیراتی کام کی سائٹ پر بھی منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ کی22.4کلومیٹر طویل سڑک کے تعمیراتی کام کے اعلیٰ معیار اور رفتار کو دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے سدرن لوپ پر کام کی رفتار اور معیار پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس اہم منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت دیکھ کر یقین ہو گیا ہے کہ سدرن لوپ کا پراجیکٹ مقررہ مدت میں ہر صورت مکمل ہوگا۔ انہو ںنے کہا کہ آمد روفت کی جدید ترین سہولتیں تیز رفتار ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ جدید ذرائع آمدورفت ترقی کے سفر میں اہم کردارادا کرتے ہیں، جہاں سڑک بنتی ہے وہاں نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں بلکہ معاشی سرگرمیاںبھی بڑھتی ہیں ۔

سدرن لوپ کا منصوبہ معاشی و سماجی سرگرمیوں کے فروغ کا باعث بنے گا۔ 22.4 کلومیٹر طویل سدرن لوپ کا منصوبہ مکمل ہونے سے عوام کو آمد و رفت کی جدید اور معیاری سہولتیں میسر آئیں گی اور شہر کے ٹریفک نظام میںبہتری آئے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ کے منصوبے پر تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار بے مثال ہے۔ پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح یہ منصوبہ بھی شفافیت اور اعلیٰ معیار کا شاہکار ہوگا اور اسے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف ایف ڈبلیو او کے سائٹ آفس کماہاں پہنچے تو ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیواو لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور ڈی جی ایف ڈبلیو او کے مابین ون ٹو ون ملاقات ہوئی جس میں لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ پراجیکٹ اور دیگر منصوبوں پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف اور ڈی جی ایف ڈبلیواو لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کی زیرصدارت فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے سائٹ آفس کماہاں میں اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہو ر رنگ روڈ سدرن لوپ کے منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت اور مستقبل میں ٹائم لائن کے تحت اہداف کے حصول کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پنجاب حکومت اورایف ڈبلیواو کایہ بہت بڑا پراجیکٹ ہے۔ لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ کے منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو مزید سہولتیں میسر آئیں گی اورمجھے خوشی ہے کہ اس منصوبے کومقررہ مدت میں مکمل کرلیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کمشنر لاہور ڈویژن کو ہدایت کی کہ منصوبے کے اطراف ہارٹیکلچر کیلئے ابھی سے اقدامات کئے جائیں اور سدرن لوپ کے منصوبے کیلئے بہترین ہارٹیکلچر کی جائے اور سڑک کے دونوں جانب شجرکاری بھی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ سدرن لوپ۔تھری کے منصوبے پر بھی فوری طورپر کام کیلئے اقدامات کئے جائیں کیونکہ سدرن لوپ تھری کی تکمیل سے لاہور رنگ روڈ کا پورا منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔ڈی جی ایف ڈبلیو او لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ لاہور رنگ روڈ کے سدرن لوپ کے منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو سہولتیں ملیں گی اور وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں کمشنر لاہورڈویژن عبداللہ سنبل اور ان کی ٹیم نے منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کیلئے ہرممکن تعاون کیا ہے۔