وزیراعلیٰ نے لاہورفیڈربس سروس کا افتتاح کردیا،200ایئرکنڈیشنز بسیں14فیڈرروٹس پر رواں دواں

شہبازشریف کا راولپنڈی،اسلام آباداورملتان میٹروبس سروس کے روٹس پر بھی فیڈر بس سروس چلانے کا اعلان یہ بسیں میٹروکے پورے روٹ پر130کلو میٹر تک کا علاقہ کورکرینگی،روزانہ1لاکھ20ہزار مسافر سروس سے مستفید ہونگے‘شہبازشریف اشرافیہ الٹی ہو یا سیدھی ،مجھے عام آدمی کی خدمت سے نہیں روک سکتی، میں عام آدمی کی زندگی بدلنے کیلئے دن رات کام کرتا رہونگا نیازی صاحب ہمیشہ دیرسے سوچتے ہیں،لاہورمیٹروبس کو جنگلہ بس کہا اوراب یہی سروس پشاورمیں شروع کررہے ہیں نیازی صاحب جس جنگلہ بس کو دن رات رگیدتے رہے ہیںآج وہی بس سروس پشاور میں شروع کرنے کا منصوبہ بنا چکے ہیں میں اسے جنگلہ بس نہیں کہتا بلکہ پشاور کے عوام کو مبارکباد دیتا ہوںیہ ایک شانداربس سروس ہے جس سے عوام کو سہولت ملے گی میٹروبس سروس پر تنقید کرنیوالے نیازی صاحب آج اس سروس کی افادیت پر مجبور ہوکراپنے صوبے میں اس کا آغاز کررہے ہیں میری ان سے اپیل ہے کہ خدارا اب زندگی میں دوبارہ کبھی عوام کیلئے شاندار سفری سہولت کو جنگلہ بس نہ کہیں‘ افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 20 مارچ 2017 20:04

وزیراعلیٰ نے لاہورفیڈربس سروس کا افتتاح کردیا،200ایئرکنڈیشنز بسیں14فیڈرروٹس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ماڈل ٹاؤن میں لاہورفیڈربس سروس کا افتتاح کردیا ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے فیڈر بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے کہا کہ فیڈر بس سروس کے تحت200ایئرکنڈیشنز بسیں14فیڈرروٹس پر صبح6بجے سے رات 11بجے تک رواں دواں ہوںگی،یہ بسیں میٹروکے پورے روٹ پر130کلو میٹر تک کا علاقہ کورکریں گی اورروزانہ1لاکھ20ہزار مسافراس سروس سے مستفید ہوں گے۔

فیڈر بس سر وس ملحقہ علاقوں کے مکینوں کو میٹروبس سروس تک لانے اورلیجانے کے حوالے سے انتہائی سودمندثابت ہوگی اوراس جدید فیڈر بس سروس کا شہریوں کو بے پناہ فائدہ ہوگا۔وزیراعلیٰ نے راولپنڈی،اسلام آباداورملتان میٹروبس سروس کے روٹس پر بھی فیڈر بس سروس چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میٹروبس سروس عوام کو دن رات شاندار ،محفوظ،تیزرفتار اورباکفایت سفری سہولیات فراہم کررہی ہے،فیڈر بس سروس اس میں ایک اورشاندار اضافہ ہے ۔

(جاری ہے)

فیڈر بس سروس پر سفر کرنے کے خواہاں مسافروں سے ایک طرفہ کرایہ 15روپے جبکہ فیڈر بس سروس کے بعد میٹروبس سروس پر سفر کرنے والے مسافروں سے 20روپے کرایہ وصول کیا جائے گا۔اس طرح میٹرواورفیڈر بس سروس کا کرایہ جڑا ہوا ہے۔انہوںنے کہا کہ عام آدمی کو بہترین سفری سہولتوں کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی سے اشرافیہ کے دل میں یہ سوال کانٹے کی طرح چھبے گااورانہیں تکلیف ہوگی کہ عام آدمی کو سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پراربوں روپے کی سبسڈی کیوں دی جارہی ہے ۔

بڑی گاڑیوں پر اشرافیہ سفر کرے تو وہ ان کا حق ہے اوراگر غریب آدمی کی بات کی جائے تو ان کے دل پر نشتر چلتے ہیں۔ وسائل قوم کی امانت ہیں اورپنجاب حکومت یہ وسائل ایمانداری سے عوام کو تعلیم،صحت اورٹرانسپورٹ کی سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کررہی ہے۔مرسڈیز ،پجارواورلمبی گاڑیوں میں سفر کرنے والوںکوعام آدمی کو بہترین اورآرام دہ سفری سہولتوں کی فراہمی پر تکلیف ہوتی ہے اوران کے پیٹ میں مروڑ اٹھتے ہیں اوروہ بلاجواز تنقید کرتے ہیں تاہم مجھے ان باتوں کی کوئی پروا نہیں۔

وزیراعظم نوازشریف نے مجھے عوام کی خدمت کی جو ذمہ داری سونپی ہے میں اسے ہر حال میں نبھاؤں گااور عام آدمی کی زندگی بدلنے اور ان کے معیار زندگی میں بہتری لانے کیلئے جو کچھ کرنا پڑا کروں گاتاکہ انہیں بھی احساس ہوکہ وہ بھی پاکستانی ہیں۔اشرافیہ الٹی ہوجائے یا سیدھی مجھے عام آدمی کی خدمت سے نہیں روک سکتی اور میں عام آدمی کی زندگی بدلنے کیلئے دن رات کام کرتا رہوں گا۔

حرام کمانے ،لوٹ مار اورقوم کی دولت ہڑپ کرکے محلات اورلمبی گاڑیاں خریدکر کڑے احتساب سے بچ نکلنے والوں کوعام آدمی کے فلاحی منصوبوں پر تنقید کا کوئی حق نہیںبلکہ حرام کی دولت ان سے چھین کر عام آدمی کے قدموں پرنچھاور کرنی چاہیے۔ہونا تو یہ چاہیے کہ ان کی لوٹی ہوئی دولت واپس لے کرغریب عوام کے فلاحی منصوبوں پر خرچ کی جانی چاہیے۔یہ حرام کی دولت ان سے چھین کرعام آدمی کوتعلیم ،صحت اورٹرانسپورٹ کی سہولتیں فراہم کرنے پر خرچ کرنی چاہیے۔

انہوںنے کہا کہ23مارچ کی آمد آمد ہے اور اس تاریخی دن کو بڑے زورشور سے منایا جاتا ہے لیکن جس مقصد کے لئے علیحدہ وطن حاصل کیاگیاتھا وہ منزل ابھی بھی حاصل نہیں ہوئی۔قائداعظمؒ اورعلامہ اقبالؒ کے فرمودات و افکار پر عمل پیرا ہوکر ہی صحیح معنوں میں پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنایا جاسکتا ہے جہاںانصاف و قانون کا بول بالا ہو اورسب کو محنت اور امانت کی بنا پر آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔

بہترین ٹرانسپورٹ سسٹم کی فراہمی قائداعظمؒ کے فرمودات پر عمل پیرا ہونے کی ایک مثال ہے اوروزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں حکومت قائدؒ کے فرمودات پر عمل پیرا ہے۔انہوںنے کہا کہ اشرافیہ کو تعلیم،صحت اوردیگرتمام بنیادی سہولتیں حاصل ہیں جبکہ عام آدمی ان سے محروم ہے۔امیر ہر جگہ سے اپنا علاج کراسکتا ہے جبکہ غریب کو علاج کے حصول کیلئے دھکے ملتے ہیں ۔

پنجاب حکومت نے عام آدمی کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے شاندار اقدامات کیے ہیں۔انہوںنے کہاکہ عام آدمی کی زندگی میں خلل ڈالنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور غریب عوام کی زندگیوں کو بدلنے کیلئے وسائل فراہم کرتے رہیں گے اورعام آدمی کو سہولتوں کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔وزیراعلیٰ نے فیڈربس سروس کے اجراء پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس نئی بس سروس کے اجراء کیلئے تمام متعلقہ اداروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ فیڈربس سروس کا اجراء 23مارچ کے تاریخی دن سے قبل قوم کیلئے ایک شاندار تحفہ ہے ،اس لئے اشرافیہ بھی اس میں سفرکرے اورمیں بھی اس میں بیٹھوں گااور اسی طرح ہم سب کو ملکرپاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانا ہے ۔آئیں ملکر دکھی انسانیت کا ہاتھ تھام لیں،اسی میں ہماری توقیر، عافیت ،بخشش اورنجات ہے۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میںبجلی کے منصوبے بھی تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں اوروہ وقت آگیا ہے جب ملک سے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے چھٹ جائیں گے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں ان کی کسی بات کا جواب نہیں دینا چاہتا تاہم نیازی صاحب جس جنگلہ بس کو دن رات رگیدتے رہے ہیںآج وہی جنگلہ بس پشاور میںشروع کا منصوبہ بنا چکے ہیں حالانکہ یہ عام آدمی کو جدید، معیاری اورباکفایت سفری سہولتیں فراہم کرنے کا شاندار نظام ہے۔میں اسے جنگلہ بس نہیں کہتا بلکہ پشاور کے عوام کو مبارکباد دیتا ہوںیہ ایک شانداربس سروس ہے جس سے عوام کو سہولت ملے گی۔

انہوںنے کہا کہ میٹروبس سروس پر تنقید کرنے والے نیازی صاحب بھی آج اس سروس کی افادیت پر مجبور ہوکراپنے صوبے میں اس کا آغاز کررہے ہیںاوروہ ہمیشہ بہت دیر سے سوچتے ہیں۔میری ان سے اپیل ہے کہ خدارا اب زندگی میں دوبارہ کبھی اسے شاندار عوام کی سفری سہولت کو جنگلہ بس نہ کہیںبلکہ وہ اس منصوبے کی افادیت کے پیش نظر کے پی کے کے عوام کو شاندار سہولت دے رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ خیبر پختونخوا ہمارا پیار صوبہ ہے اورہم سب آپس میں بھائی ہیں ۔پنجاب حکومت نے میٹروبس سروس کے حوالے سے اپنے کے پی کے کے بھائیوں کی ہرممکن معاونت کی ہے اورانہیں مکمل تفصیلات دی ہیں۔انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کو اس حوالے سے بھی اقدامات کرنے چاہیے اوراس سسٹم میں بہتری لانے کی ضرورت ہے ۔

ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھ پر الزامات لگتے رہتے ہیں ،قانون اورانصاف کا نظام رائج کرنا ہے جس سے ظلم و زیادتی کا خاتمہ ہوگا اورانصاف کا بول بالا ہوگا۔فیڈر بس سروس کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ میٹروبس سروس سے روزانہ ڈیڑھ لاکھ افراد سفر کرتے ہیں ۔فیڈر بس سروس کے اجراء سے مسافروں میں اضافہ ہوا تو مزید میٹروبسوں کی تعداد بھی بڑھا دی جائے گی۔

صوبائی وزراء،میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن،زعیم حسین قادری،مشیر خواجہ احمد حسان،لارڈمیئر لاہورمبشر جاوید،ممبر قومی اسمبلی مہر اشتیاق احمد،معاون خصوصی ملک محمداحمد خان،چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سبطین فضل حلیم ،ڈائیو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ،سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور متعلقہ حکام اس موقع پر موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :