پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات کو فروغ دیا ، گذشتہ 30 سالوں سے افغان مہاجرین کو پناہ دی ہوئی ہے،طلال چوہدری

پیر 20 مارچ 2017 20:04

پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات کو فروغ دیا ، گذشتہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2017ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ شرجیل میمن کرپشن ٹیم کا حصہ ہیں، ان کی جیبیں عوام کے پیسے سے بھری ہیں جو ان کو واپس نکالنے ہوں گے، شرجیل میمن کا اگر احتساب نہیں کرنا تو احتساب کے ادارے بند کر دینے چاہئیں۔ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب کہیں کرپشن پر ہاتھ ڈالا جاتا ہے تو پھر صوبائیت کو ہوا دی جاتی ہے، اگر ایسے لوگوں کا احتساب ریاستی اداروں نے نہیں کرنا تو پھر احتساب کے تمام اداروں کو بند کر دینا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن 2 سال سے بھگوڑے تھے، اب واپس آئے ہیں تو ان کو حساب دینا ہو گا جبکہ ان کی جیبیں عوام کے پیسے سے بھری ہیں، لوٹے گئے قومی خزانہ کی رقم کو واپس لایا جائے گا، ماضی میں حاجیوں کو بھی نہیں بخشا گیا اور حج انتظامات کے حوالہ سے بھی پیسے کھائے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو پتہ چلنا چاہئے کہ حاجیوں کے پیسے کس نے کھائے۔

ایک سوال کے جواب میں طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات کو فروغ دیا جبکہ پاکستان نے گذشتہ 30 سالوں سے افغان مہاجرین کو پناہ دی ہوئی ہے، افغانستان الزامات سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکے، دہشت گردی کے بہت سے راستوں کا افغانستان کے ساتھ لنک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف افغانستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں۔

متعلقہ عنوان :