بھارتی حکومت نے سندھ طاس معاہدہ میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی مگر ناکام رہی، اچھے کھلاڑی ملک کا نام روشن کرتے ہیں،شاہ محمود قریشی

پیر 20 مارچ 2017 20:04

بھارتی حکومت نے سندھ طاس معاہدہ میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی مگر ناکام ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے سندھ طاس معاہدہ میں رخنہ ڈالنے کی بڑی کوشش کی مگر ناکام رہی، اچھے کھلاڑی ملک کا نام روشن کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے سندھ طاس معاہدہ کے تحت پاکستان آنے والے پانی کو روکنے کیلئے بڑی کوشش کی مگر ناکام رہے، بھارت کے ماہرین نے وزیراعظم کو سمجھایا کہ پانی روکنا غلط ہے، ایسا بھارت نہیں کر سکتا، اس معاہدہ میں ورلڈ بینک کی گارنٹی ہے جبکہ ورلڈ بینک کے حکام سے بھارتی وفد نے ملاقات بھی کی مگر ورلڈ بینک نے بھی پانی روکنے کی مخالفت کی جس کے تحت بھارت اب مذاکرات کے تحت مسئلہ حل کرنے پر آیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچوں میں قومی کھلاڑیوں کے حوالہ سے کہا کہ اچھے کھلاڑی دنیا میں ملک کا نام روشن کرتے ہیں، متعدد کھلاڑیوں کی سپاٹ فکسنگ افسوسناک ہے۔