مستقبل قریب میں گلگت بلتستان اور بلوچستان جدیدپاکستان کی عکاسی کریں گے، سی پیک کا بیس کیمپ ہونے کی حیثیت سے آنے والے دنوں میں گلگت بلتستان کا علاقہ پاکستان کی معاشی ترقی کا بھی بیس کیمپ بنے گا ، علاقے میں سی پیک و دیگر پی ایس ڈی پی منصوبوں پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے، عوام سے کیے گئے تمام وعدوں پر مکمل عملدرآمد کیاجارہا ہے

وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر کی میڈیا سے گفتگو

پیر 20 مارچ 2017 20:04

مستقبل قریب میں گلگت بلتستان اور بلوچستان جدیدپاکستان کی عکاسی کریں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 مارچ2017ء) وفاقی وزیربرائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ مستقبل قریب میں پاکستان کی شاندار ترقی کا محور گلگت بلتستان اور بلوچستان کے علاقے ہوں گے ، سی پیک کا بیس کیمپ ہونے کی حیثیت سے آنے والے دنوں میں گلگت بلتستان کا علاقہ پاکستان کی معاشی ترقی کا بھی بیس کیمپ بنے گا جس سے اس علاقے کے عوام کی زندگی میں خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا ،مسلم لیگ (ن) کی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کے حل اور اُن کی خوشحالی کے لیے ترجیجی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔

پیر کو میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان قانون سازاسمبلی کے انتخابات کے موقع پر نئے اضلاع کے قیام سمیت دیگر کئی وعدے قلیل مدت میں پورے کر دیے گئے ہیں اور دیگر وعدوں پر عمل درآمد پر پیش رفت تیزی سے جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ جگلوٹ سکردو روڈ گلگت بلتستان کے عوام کا ایک دیرانہ مطالبہ تھا جس پر بڑی تیزی سے پیش رفت کی جارہی ہے اور اس سڑک کی تعمیر سے گلگت بلتستان کے عوام کو تعلیم و صحت کی سہولتوں سمیت معاشی لحاظ سے بے پناہ فوائد حاصل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ حکومت سی پیک کے تحت گلگت بلتستان کے منصوبوں اور دیگر پی ایس ڈی پی کے منصوبوں پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ چند ہفتے قبل انہوں نے خود پی ایس ڈی پی کے منصوبوں پر ایک تفصیلاً بریفینگ لی اور ان منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات لینے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ڈی پی کے منصوبوں کی پیش رفت جانچنے کے لیے وہ ہر تین ماہ بعد جائزہ لیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ایس ڈی پی کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کے لیے گلگت بلتستان حکومت کی صلاحیت بڑھانے کی بھی بات کی گئی ہے اور اُمید ہے کہ ان منصوبوں پر جلد کام مکمل کر لیا جائے گا۔چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوںنے متعدد بار گلگت بلتستان کا دورہ کر کے وہاں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان سیاحت کے حوالے سے بڑا پوٹینشل رکھتا ہے اور وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں غیر ملکی سیاحت کو بڑھانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔سیکیورٹی کی صورت حال میں بہتری سے گزشتہ سال 10 لاکھ سے زاہد مقامی سیاحوں نے گلگت بلتستان کا رُخ کیا جس میں اس سال اور بھی زیادہ اضافے کی اُمید ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی و غیر ملکی سطح پر گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھی ہوئی ہے اور اگر امن وامان ،معاشی خوشحالی اور سیاسی استحکام اسی طرح قائم رہا تو عنقریب گلگت بلتستان بین الاقوامی سیاحت کے حوالے سے دنیا کے ایک بڑے مرکز کے طورپر سامنے آئے گا۔

چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ سیاحت کے علاوہ گلگت بلتستان منرلزاور ہائیڈل پاورکے سیکٹر میں بے پناہ پوٹینشل ر ہے جس کے بہترین استعمال سے نہ صرف گلگت بلتستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے بلکہ پورے پاکستان کی معیشت پر بھی اس کے مثبت اثرات پڑیں گے۔

متعلقہ عنوان :