کسی بھی غیر ملکی کو پاکستان کا شناختی کارڈ جاری نہیں کیا جاسکتا‘موجودہ دور حکومت میں 5 کروڑ 7 لاکھ 6 ہزار سے زائد شناختی کارڈ جاری کئے گئے‘ 42 ہزار 484 بلاک کئے گئے

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جواب ْ

پیر 20 مارچ 2017 19:23

کسی بھی غیر ملکی کو پاکستان کا شناختی کارڈ جاری نہیں کیا جاسکتا‘موجودہ ..
اسلام آباد ۔20 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2017ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کسی بھی غیر ملکی کو پاکستان کا شناختی کارڈ جاری نہیں کیا جاسکتا‘ شناختی کارڈز کی تصدیق اور مشکوک شناختی کارڈ بلاک کرنے کے معاملے پر سیاست سے گریز کیا جائے‘ پاکستان میں 30 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کے قیام پذیر ہونے کی وجہ سے شناختی کارڈ کی تصدیق کے معاملے میں یہ تاثر پیدا ہوا ہے کہ پختونوں کو تنگ کیا جارہا ہے جبکہ یہ درست نہیں‘ موجودہ دور حکومت میں 5 کروڑ 7 لاکھ 6 ہزار سے زائد شناختی کارڈ جاری کئے گئے‘ جبکہ 42 ہزار 484 بلاک کئے گئے۔

پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ مشکوک شناختی کارڈ کا مسئلہ سیاسی نہ بنایا جائے۔

(جاری ہے)

دنیا کا ملک بتائیں جہاں پاسپورٹ یا شناختی کارڈ بکتے ہوں۔ ہم نے ساڑھے تین سال میں 30 ہزار سے زائد پاسپورٹ بلاک کئے۔ ان میں سے کسی نے کیوں شکایت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہا جاتا ہے کہ پختونوں کو تنگ کیا جاتا ہے‘ تو اس کی وجہ یہ ہے کہ 30 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین گزشتہ چار دہائیوں سے پاکستان میں قیام پذیر ہیں‘ ان میں سے نصف رجسٹرڈ ہیں جبکہ اتنے ہی غیر رجسٹرڈ ہیں اس لئے ان کی تصدیق کے دوران ایسی شکایات سامنے آتی ہیں۔

ہم نے اس حوالے سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر یہ الزام نہ لگایا جائے کہ کسی کو سندھی‘ پختون‘ پنجابی اور بلوچی ہونے کے ناطے ان کے کارڈ بلاک کئے جارہے ہیں۔ شناختی کارڈ بلاک ہونے والے کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ جاکر عدالت سے رجوع کرے۔ بلاک کرنے کا قانون سالوں سے چل رہا ہے۔ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی شکایت پر عارضی طور پر کارڈ بلاک ہوجاتا ہے اور وہ شواہد دیتا ہے۔

اس طرح ہزاروں کارڈ اوپن ہوئے ہیں۔ کسی غیر ملکی کو پاکستان کی شہریت نہیں لینے دیں گے اور جس کے پاس ہے اس کو بلاک کریں گے۔ ملا منصور سمیت ایک لمبی فہرست ہے۔ اب اس کا اگر مداوا ہو رہا ہے تو اس کی نشاندہی کریں کہ کس طرح بہتر طریقے سے کریں۔ اگر کوئی کہے کہ غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ یا پاسپورٹ برقرار رہیں تو یہ نہیں ہو سکتا۔