پنجاب بھر میں سڑکوں کا جال تیزی سے بچھایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو معیاری اور پرسکون سفر فراہم کیا جا سکے‘تنویر اسلم اعوان

ہر شہری کو انٹر نیشنل معیار کی باوقارعوامی ٹرانسپورٹ کی فراہمی بلا شبہ حکومت پنجاب کی جانب سے بہترین تحفہ ہے‘صوبائی وزیر

پیر 20 مارچ 2017 18:42

پنجاب بھر میں سڑکوں کا جال تیزی سے بچھایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو معیاری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) صوبائی وزیر تعمیر و مواصلات ملک تنویر اسلم اعوان نے پاکستان بالخصو ص پنجاب کی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے عزم کی عکاسی کرتے ہوئے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے تحت پہلے مرحلے میں 14روٹس پر 200فیڈرایئرکنڈیشنڈ بس سروس کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔

ہر شہری کو انٹر نیشنل معیار کی باوقارعوامی ٹرانسپورٹ کی فراہمی بلا شبہ حکومت پنجاب کی جانب سے بہترین تحفہ ثابت ہوگا۔صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ ای ٹکٹنگ کے ذریعے سستے ترین کرایہ کے ساتھ ہر 500میٹر پر بس سٹاپ قائم کیا گیاہے اور ہر 10منٹ بعد بس کی آمد ہوگی۔یہ سپیڈ بسیں ڈیوو بس سروس کے ساتھ روٹ شیئر کریں گی،یہ بسیں انٹرنیشنل معیار کی ہیں اور ای ٹکٹنگ کی سہولت کے ساتھ جی پی ایس ٹریکنگ سسٹم بھی اس میں نصب ہوگا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے مزید کہا ہے کہ خادم پنجاب کی جانب سے میٹرو بس سروس پہلے ہی عوام کی سہولت کا باعث بنی ہوئی ہے اور اس کا جال اب پورے پنجاب میں پھیلایا جا رہا ہے۔پنجاب بھر میں تعمیرو مواصلات ڈیپارٹمنٹ تیزی سے عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔کسی بھی ملک کی ترقی کا راز تعلیم،ہیلتھ او ر بہترین انفرااسٹرکچر پر مشتمل ہوتا ہے۔پنجاب بھر میں سڑکوں کا جال تیزی سے بچھایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو معیاری اور پرسکون سفر فراہم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :