تمام اضلاع لاروا کش ادویات و دیگر آلات کے حوالے سے اپنے اسٹورز کو اپ ڈیٹ کریں‘عثمان خان خالد

محکمہ فشریز کی جانب سے جن تالابوں میں ڈینگی لاروا کو کھانے والی مچھلیاں ڈالی جائیں ان تالابوں کے نزدیک ایک نشان ضرور آویزاں کیا جائے اورمحکمہ صحت کو آگاہ کیا جائے ‘ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن لاہورڈویژن

پیر 20 مارچ 2017 18:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن لاہور ڈویژن عثمان خان خالد نے ہدایت کی ہے کہ محکمہ فشریز کی جانب سے جن تالابوں میں ڈینگی لاروا کو کھانے والی مچھلیاں ڈالی جائیں ان تالابوں کے نزدیک ایک نشان ضرور آویزاں کیا جائے اورمحکمہ صحت کو آگاہ کیا جائے تاکہ لارواکش ادویات ان تالابوں میں نہ ڈالی جائیں،تمام اضلاع لاروا کش ادویات و دیگر آلات کے حوالے سے اپنے اسٹورز کو اپ ڈیٹ کریں،انہوں نے ہدایت کی کہ جو محکمے انسداد ڈینگی اجلاس میں شرکت نہیں کر رہے ان کے بارے میں ضلعی سطح کے بعد ڈویژنل سطح کو رپورٹ کیا جائے۔

ایڈیشنل کمشنر لاہور ڈویژن عثمان خان خالد نے ان خیالات کا اظہار ڈویژنل انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈی سی قصور عمارہ خان، ڈی سی شیخوپورہ ارقم طارق، اے ڈی سی ننکانہ صاحب شاہد حسن، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ننکانہ ڈاکٹر عمر فاروق، ڈاکٹر صومیہ اقتدار سیکرٹری ڈیاگ اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے افسران سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع قصور، ضلع ننکانہ صاحب، ضلع شیخوپورہ میں ڈینگی کا کوئی کنفرم مریض نہیں ہے جبکہ لاہور میں دو مریض کنفرم ہیں۔ بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ تمام ہسپتالوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بخار کے ساتھ آنے والے ہر مریض کو رپورٹ کیا جائے تاکہ اسے مشتبہ فہرست میں شامل کرکے پوری تسلی کی جائے۔ ضلع لاہور میں اب تک دو ایف آئی آر دی گئی ہیں۔ شرکاء کو ہدایت کی گئی کہ ٹائر دکانوں، قبرستانوں، پارکوں، کباڑ خانوں کی چیکنگ کو باقاعدہ کیا جائے جبکہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز بھی فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک شیڈول کے تحت فیلڈ کے دورے کریں۔

متعلقہ عنوان :