حکومت سمگلنگ کی روک تھام کے لئے کئی اقدامات کر رہی ہے

وفاقی وزیر قانون و انصاف زاہد حامد کا ایوان بالا کے اجلاس میں اظہار خیال

پیر 20 مارچ 2017 18:30

حکومت سمگلنگ کی روک تھام کے لئے کئی اقدامات کر رہی ہے
اسلام آباد ۔20 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2017ء) وفاقی وزیر قانون و انصاف زاہد حامد نے کہا ہے کہ حکومت سمگلنگ کی روک تھام کے لئے کئی اقدامات کر رہی ہے‘ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لئے ٹریکنگ سسٹم لگایا گیا ہے‘ حکومت نے انسداد سمگلنگ حکمت عملی تیار کی ہے تاکہ تمام ادارے بہتر طریقے سے سمگلنگ کے انسداد کے لئے کام کر سکیں۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر محسن عزیز کی طرف سے سمگلنگ کے منفی اثرات کے حوالے سے پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ سمگلنگ کی وجوہات میں صرف بارڈر کا پورس ہونا نہیں ہے۔

سمگلنگ کے خلاف کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔ ہم سب کو مل کر اس مسئلے سے نمٹنا ہے۔ اس معاملے کے حل کے لئے تمام جماعتوں اور صوبائی حکومتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

حکومت نے ایک اینٹی سمگلنگ حکمت عملی بنائی ہے تاکہ تمام ادارے مل کر اس کام کو کرسکیں۔ متعلقہ اداروں کو اختیارات دیئے گئے ہیں۔ صوبائی پولیس‘ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی اپروچ کیا گیا ہے۔

افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لئے ٹریکنگ سسٹم لگایا گیا ہے۔ کوئی ٹریلر کہیں رک جائے یا روٹ سے ہٹ جائے تو اس کو سختی سے چیک کیا جاتا ہے۔ ٹریلروں کے ذریعے سمگلنگ نہیں ہو رہی۔ 2012-13ء میں 5.3 بلین روپے کا گڈز سیز کیا گیا۔ 2015ء میں 9.5 بلین روپے کا اور 2016ء میں سیز گڈز میں تین گنا اضافہ ہوا۔ سمگلنگ روکنے کے لئے حکومت نے کئی اقدامات کئے ہیں جس سے صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے تاہم ابھی بہت کچھ مزید کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :