وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نےجدیداے سی فیڈربس سروس لاہورکاافتتاح کردیا

وزیراعلیٰ کااسلام آبادراولپنڈی،ملتان میں بھی جدیدفیڈربسیں چلانے کااعلان،شہریوں کیلئے23مارچ کاتحفہ،200اےئرکنڈیشنز بسیں14فیڈرروٹس پررواں دواں،15روپے کرایہ،روزانہ1لاکھ20ہزارمسافرمستفیدہونگے،میں”نیازی صاحب“کی کسی بات کاجواب نہیں دیناچاہتا،وہ ہمیشہ بہت دیرسےسوچتے ہیں،مجھے ڈی ریل نہ کریں اورنہ میں ڈی ریل ہوں گا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 20 مارچ 2017 17:48

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نےجدیداے سی فیڈربس سروس لاہورکاافتتاح کردیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20مارچ2017ء): وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف لاہورفیڈربس سروس کے افتتاح کے بعدماڈل ٹاوٴن میں موجودبس میں بیٹھے اورڈرائیور کے ساتھ گفتگو کی ۔وزیراعلیٰ کے ساتھ میڈیا کے نمائندے بھی جدید فیڈر بس میں سوار ہوئے۔ وزیراعلیٰ نے بس میں موجود میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بس سروس عام آدمی کومعیاری سفر ی سہولتوں کی فراہمی کی جانب ایک اور بڑا اقدام ہے اورشہریوں کیلئے23مارچ یوم پاکستان کا تحفہ ہے ۔

اس کا کرایہ صرف15روپے رکھا گیا ہے اوریہ میٹروبس کے کرائے سے جڑا ہوا ہے ۔ فیڈر بس سروس کے تحت200اےئرکنڈیشنز بسیں14فیڈرروٹس پر رواں دواں ہوں گی،یہ بسیں میٹروکے پورے روٹ پر130کلو میٹر تک کا علاقہ کورکریں گی اور روزانہ1لاکھ 20ہزار مسافراس سروس سے مستفید ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کی فلاح وبہبود کے ایسے شاندار منصوبوں پر تنقید کرنے والی اشرافیہ کو ایک بار پھر آڑے ہاتھوں لیا اورکہا کہ اشرافیہ الٹی ہو یا سیدھی ،مجھے ان کی تنقید کی کوئی پروا نہیں ،میں عام آدمی کے ساتھ کھڑا ہو ں اورکھڑا رہوں گا۔

وزیراعلیٰ نے حرام کی کمائی کرنے والوں اورقومی وسائل لوٹ کر امیر بننے والوں پر سخت تنقید کی اورکہا کہ یہ عناصر کڑے احتساب سے بھی بچے ہوئے ہیں اورعام آدمی کے فلاحی منصوبوں پر بھی تنقید کرتے ہیں حالانکہ ان کی حرام کی کمائی ان سے چھین کر عام آدمی کے قدموں پر نچھاور کرنی چاہیے جبکہ رزق حلال کمانے والے عظیم پاکستانی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہری سپیڈوکارڈضرور خریدیں جو کہ 200روپے کا ہے اوراس میں 130 روپے آپ کی امانت ہیں۔

آپ ٹھنڈی جدید بسوں میں مزے لیں اورآنے والی گرمیاں انجوائے کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں پہلے بھی میٹروبس پر سفر کرتا رہا ہوں اوراس بس پر بھی سفر کروں گا۔میڈیا کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھ پر روزالزام لگتے ہیں لیکن مجھے کسی کا نام نہ لینا ہے اورنہ مجھے اس کی ضرورت ہے ۔شفاف قانون اور شفاف انصاف ہوگا تو الزامات ختم ہوجائیں گے ،کسی سے ظلم و زیادتی نہیں ہوگی۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں ”نیازی صاحب“ کی کسی بات کا جواب نہیں دینا چاہتا۔جس جنگلہ بس پر وہ تنقید کرتے رہے ہیں آج وہی جنگلہ بس پشاور میں شروع کرنے کا منصوبہ بنا چکے ہیں حالانکہ یہ عام آدمی کی باوقار سواری ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ پشاور کے شہریوں کو میٹروبس کا نظام ملے گا۔نیازی صاحب ہمیشہ بہت دیر سے سوچتے ہیں۔میری ان سے اپیل ہے کہ خدارا اب زندگی میں دوبارہ کبھی اسے شاندار عوام کی سفری سہولت کو جنگلہ بس نہ کہیں بلکہ وہ اس منصوبے کی لاہور اورپنجاب کے دیگر شہروں میں افادیت کے پیش نظر کے پی کے کے عوام کو شاندار سہولت دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا ہمارا پیار صوبہ ہے اورہم سب آپس میں بھائی ہیں ۔پنجاب حکومت نے میٹروبس سروس کے حوالے سے اپنے کے پی کے کے بھائیوں کی ہرممکن معاونت کی ہے اورانہیں مکمل تفصیلات دی ہیں۔وزیراعلیٰ نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے ڈی ریل نہ کریں اورنہ میں ڈی ریل ہوں گا۔ حکومت پنجاب کی پریس ریلزکے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آج ماڈل ٹاوٴن میں لاہورفیڈربس سروس کا افتتاح کردیا ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے فیڈر بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے کہا کہ فیڈر بس سروس کے تحت200اےئرکنڈیشنز بسیں14فیڈرروٹس پر صبح6بجے سے رات 11بجے تک رواں دواں ہوں گی،یہ بسیں میٹروکے پورے روٹ پر130کلو میٹر تک کا علاقہ کورکریں گی اورروزانہ1لاکھ20ہزار مسافراس سروس سے مستفید ہوں گے۔ فیڈر بس سر وس ملحقہ علاقوں کے مکینوں کو میٹروبس سروس تک لانے اورلیجانے کے حوالے سے انتہائی سودمندثابت ہوگی اوراس جدید فیڈر بس سروس کا شہریوں کو بے پناہ فائدہ ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے راولپنڈی،اسلام آباداورملتان میٹروبس سروس کے روٹس پر بھی فیڈر بس سروس چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میٹروبس سروس عوام کو دن رات شاندار ،محفوظ،تیزرفتار اورباکفایت سفری سہولیات فراہم کررہی ہے،فیڈر بس سروس اس میں ایک اورشاندار اضافہ ہے ۔فیڈر بس سروس پر سفر کرنے کے خواہاں مسافروں سے ایک طرفہ کرایہ 15روپے جبکہ فیڈر بس سروس کے بعد میٹروبس سروس پر سفر کرنے والے مسافروں سے 20روپے کرایہ وصول کیا جائے گا۔

اس طرح میٹرواورفیڈر بس سروس کا کرایہ جڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو بہترین سفری سہولتوں کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی سے اشرافیہ کے دل میں یہ سوال کانٹے کی طرح چھبے گااورانہیں تکلیف ہوگی کہ عام آدمی کو سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پراربوں روپے کی سبسڈی کیوں دی جارہی ہے ۔ بڑی گاڑیوں پر اشرافیہ سفر کرے تو وہ ان کا حق ہے اوراگر غریب آدمی کی بات کی جائے تو ان کے دل پر نشتر چلتے ہیں۔

وسائل قوم کی امانت ہیں اورپنجاب حکومت یہ وسائل ایمانداری سے عوام کو تعلیم،صحت اورٹرانسپورٹ کی سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کررہی ہے۔مرسڈیز ،پجارواورلمبی گاڑیوں میں سفر کرنے والوں کوعام آدمی کو بہترین اورآرام دہ سفری سہولتوں کی فراہمی پر تکلیف ہوتی ہے اوران کے پیٹ میں مروڑ اٹھتے ہیں اوروہ بلاجواز تنقید کرتے ہیں تاہم مجھے ان باتوں کی کوئی پروا نہیں۔

وزیراعظم نوازشریف نے مجھے عوام کی خدمت کی جو ذمہ داری سونپی ہے میں اسے ہر حال میں نبھاوٴں گااور عام آدمی کی زندگی بدلنے اور ان کے معیار زندگی میں بہتری لانے کیلئے جو کچھ کرنا پڑا کروں گاتاکہ انہیں بھی احساس ہوکہ وہ بھی پاکستانی ہیں۔اشرافیہ الٹی ہوجائے یا سیدھی مجھے عام آدمی کی خدمت سے نہیں روک سکتی اور میں عام آدمی کی زندگی بدلنے کیلئے دن رات کام کرتا رہوں گا۔

حرام کمانے ،لوٹ مار اورقوم کی دولت ہڑپ کرکے محلات اورلمبی گاڑیاں خریدکر کڑے احتساب سے بچ نکلنے والوں کوعام آدمی کے فلاحی منصوبوں پر تنقید کا کوئی حق نہیں بلکہ حرام کی دولت ان سے چھین کر عام آدمی کے قدموں پرنچھاور کرنی چاہیے۔ہونا تو یہ چاہیے کہ ان کی لوٹی ہوئی دولت واپس لے کرغریب عوام کے فلاحی منصوبوں پر خرچ کی جانی چاہیے۔یہ حرام کی دولت ان سے چھین کرعام آدمی کوتعلیم ،صحت اورٹرانسپورٹ کی سہولتیں فراہم کرنے پر خرچ کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ23مارچ کی آمد آمد ہے اور اس تاریخی دن کو بڑے زورشور سے منایا جاتا ہے لیکن جس مقصد کے لئے علیحدہ وطن حاصل کیاگیاتھا وہ منزل ابھی بھی حاصل نہیں ہوئی۔قائداعظم اورعلامہ اقبال کے فرمودات و افکار پر عمل پیرا ہوکر ہی صحیح معنوں میں پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنایا جاسکتا ہے جہاں انصاف و قانون کا بول بالا ہو اورسب کو محنت اور امانت کی بنا پر آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔

بہترین ٹرانسپورٹ سسٹم کی فراہمی قائداعظم کے فرمودات پر عمل پیرا ہونے کی ایک مثال ہے اوروزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں حکومت قائد کے فرمودات پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کو تعلیم،صحت اوردیگرتمام بنیادی سہولتیں حاصل ہیں جبکہ عام آدمی ان سے محروم ہے۔امیر ہر جگہ سے اپنا علاج کراسکتا ہے جبکہ غریب کو علاج کے حصول کیلئے دھکے ملتے ہیں ۔

پنجاب حکومت نے عام آدمی کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے شاندار اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عام آدمی کی زندگی میں خلل ڈالنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور غریب عوام کی زندگیوں کو بدلنے کیلئے وسائل فراہم کرتے رہیں گے اورعام آدمی کو سہولتوں کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔وزیراعلیٰ نے فیڈربس سروس کے اجراء پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس نئی بس سروس کے اجراء کیلئے تمام متعلقہ اداروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ فیڈربس سروس کا اجراء 23مارچ کے تاریخی دن سے قبل قوم کیلئے ایک شاندار تحفہ ہے ،اس لئے اشرافیہ بھی اس میں سفرکرے اورمیں بھی اس میں بیٹھوں گااور اسی طرح ہم سب کو ملکرپاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانا ہے ۔آئیں ملکر دکھی انسانیت کا ہاتھ تھام لیں،اسی میں ہماری توقیر، عافیت ،بخشش اورنجات ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں بجلی کے منصوبے بھی تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں اوروہ وقت آگیا ہے جب ملک سے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے چھٹ جائیں گے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں ان کی کسی بات کا جواب نہیں دینا چاہتا تاہم نیازی صاحب جس جنگلہ بس کو دن رات رگیدتے رہے ہیںآ ج وہی جنگلہ بس پشاور میں شروع کا منصوبہ بنا چکے ہیں حالانکہ یہ عام آدمی کو جدید، معیاری اورباکفایت سفری سہولتیں فراہم کرنے کا شاندار نظام ہے۔میں اسے جنگلہ بس نہیں کہتا بلکہ پشاور کے عوام کو مبارکباد دیتا ہوں یہ ایک شانداربس سروس ہے جس سے عوام کو سہولت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ میٹروبس سروس پر تنقید کرنے والے نیازی صاحب بھی آج اس سروس کی افادیت پر مجبور ہوکراپنے صوبے میں اس کا آغاز کررہے ہیں اوروہ ہمیشہ بہت دیر سے سوچتے ہیں۔میری ان سے اپیل ہے کہ خدارا اب زندگی میں دوبارہ کبھی اسے شاندار عوام کی سفری سہولت کو جنگلہ بس نہ کہیں بلکہ وہ اس منصوبے کی افادیت کے پیش نظر کے پی کے کے عوام کو شاندار سہولت دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا ہمارا پیار صوبہ ہے اورہم سب آپس میں بھائی ہیں ۔پنجاب حکومت نے میٹروبس سروس کے حوالے سے اپنے کے پی کے کے بھائیوں کی ہرممکن معاونت کی ہے اورانہیں مکمل تفصیلات دی ہیں۔انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کو اس حوالے سے بھی اقدامات کرنے چاہیے اوراس سسٹم میں بہتری لانے کی ضرورت ہے ۔

ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھ پر الزامات لگتے رہتے ہیں ،قانون اورانصاف کا نظام رائج کرنا ہے جس سے ظلم و زیادتی کا خاتمہ ہوگا اورانصاف کا بول بالا ہوگا۔فیڈر بس سروس کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ میٹروبس سروس سے روزانہ ڈیڑھ لاکھ افراد سفر کرتے ہیں ۔فیڈر بس سروس کے اجراء سے مسافروں میں اضافہ ہوا تو مزید میٹروبسوں کی تعداد بھی بڑھا دی جائے گی۔

صوبائی وزراء،میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن،زعیم حسین قادری،مشیر خواجہ احمد حسان،لارڈمےئر لاہورمبشر جاوید،ممبر قومی اسمبلی مہر اشتیاق احمد،معاون خصوصی ملک محمداحمد خان،چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سبطین فضل حلیم ،ڈائیو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ،سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور متعلقہ حکام اس موقع پر موجود تھے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نےجدیداے سی فیڈربس سروس لاہورکاافتتاح کردیا