حکومت پنجاب ترکی کے تعاون سے پسماندہ علاقوں میںجدید فنی تعلیمی ادارے قائم کرے گی‘شیخ علاوہ الدین

ٹیکا کے تعاون سے قائم کردہ گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف ایمرجنگ ٹیکنالوجیز ٹائون شپ نوجوانوں کو جدید تربیت فراہم کریگا‘صوبائی وزیر

پیر 20 مارچ 2017 18:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) حکومت پنجاب ترکی کے تعاون سے پسماندہ علاقوں میںجدید فنی تعلیمی ادارے قائم کرے گی،ترک انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی ( ٹیکا) کے تعاون سے قائم کردہ گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف ایمرجنگ ٹیکنالوجیز ٹائون شپ نوجوانوں کو جدید تربیت فراہم کرے گا،صوبہ بھر میں فنی تعلیم کا وسیع پھیلائو وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شر یف کی ترجیحات میں شامل ہے،ٹیوٹا کی جانب سے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

ان خیا لات کا اظہار صوبائی وزیر صنعت شیخ علائو الدین نے گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف ایمرجنگ ٹیکنالوجیز ٹائون شپ کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ، چیئر مین پی اینڈڈی جہانزیب خان، سیکرٹری انڈسٹریز ڈاکٹر مجتبی پراچہ، چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی ، چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل ساجد نصیر، چیف ایگزیکٹو آفیسرپنجاب سکلز ڈوویلپمنٹ فنڈزجواد خان اور ٹیوٹا کے دیگر افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صنعت شیخ علائو الدین نے کہا کہ وزیراعلی کی منظوری کے بعدحکومت پنجاب کااعلی سطح وفد ترکی کا دورہ کرے گا تاکہ نئے اداروں کی تعمیر کے پروگرام کا آغاز کیا جا سکے۔موجود ہ حکومت ٹیوٹا کی بیروزگار نوجوانوں کو قابل روزگار کورسز میں تربیت فراہم کرنے کی کاوش کی بھرپور حمایت کر رہی ہے کیونکہ خوشحال پنجا ب کا نعرہ ہنرمند نوجوانوں کے بغیرممکن نہیں ہے۔

بیروزگار نوجوانوں کو ہنر سیکھنے کی طرف راغب کرنے کیلئے میڈیا کے ذریعے مہم کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے غیر ملکی فنی معاونت بہت ضروری ہے کیونکہ ملک و قوم کا مستقبل ہنر مندافرادی قوت کی دستیابی سے ہی ممکن ہے۔ورلڈ بینک، ایشین ڈویلپمنٹ بینک، جائیکا، جی آئی زیڈ، ترک کمپنیاں اور برٹش ادارے جدید فنی تربیت کے فروغ کیلئے بھرپورساتھ دے رہے ہیں۔

ان منصوبوں کا مقصد بیروزگار نوجوانوں کو عالمی سطح کی تربیت فراہم کرنا ہے۔ٹیوٹا ہاسپٹیلیٹی ، ڈرائیونگ، فوڈ اینڈ بیوریجز، کنسٹرکشن ، مائیکرو سافٹ آئی ٹی کورسز ، چائنیز لینگوئج اور دیگر اہم شعبہ جات نوجوانوںکو مفت تربیت فراہم کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو یقینی روزگار کے مواقع میسر ہوں۔ حال ہی میں ترک ماہرین نے ٹیوٹا کی25اساتذہ کو گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف ایمرجنگ ٹیکنالوجیز ٹائون شپ میں تربیت انڈسٹریل سٹیچنگ مشین (ڈینم ) اور ڈرائی اینڈ ویٹ پراسسیس میںتربیت فراہم کی ہے۔

متعلقہ عنوان :