Live Updates

سابق ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد افضل خان کی چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات

موجودہ انتخابی نظام کے تحت انتخابات کرائے گئے تو تمام اپوزیشن جماعتیں حرف غلط کی طرح غائب ہوجائیں گی،محمد افضل خان انتخابی نظام میں بنیادی تبدیلیاں نہ کی گئیں تو بدمعاشوں اور غنڈوں کو کامیابی حاصل ہوگی،سابق ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن کی گفتگو

پیر 20 مارچ 2017 17:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2017ء) موجودہ انتخابی نظام کے تحت انتخابات کرانے کی صورت میں پی ٹی آئی سمیت اپوزیشن سیاسی جماعتیں حرف غلط کی طرح غائب ہوجائیں گی اگر انتخابی نظام میں بنیادی تبدیلیاں نہ کی گئیں تو صرف طاقتور ،مالدار ،بدمعاشوں اور غنڈوں کو کامیابی حاصل ہوگی ان خیالات کا اظہار سابق ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد افضل خان نے آن لائن کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوںنے بتایاکہ میں اپنی زندگی میں پہلی مرتبہ پی ٹی آئی کے چیرمین عمران خان کے ساتھ اس کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ملاقات کی ہے جس میں چیرمین پی ٹی آئی کے ساتھ گذشتہ انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کی روک تھام میں الیکشن کمیشن کی ناکامی اور جوڈیشیل کمیشن کی رپورٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا انہوں نے کہاکہ ملاقات کے دوران عمران خان کو ان کی جانب سے انتخابی نظام کی اصلاح کا وعدہ یاد دلاتے ہوئے گذشتہ چار سالوں کے دوران کی جانے والی کوتاہیوں کی تلخ حقیقت سے بھی اگاہ کیا انہوں نے بتایاکہ 2013کے انتخابات کے بعد پی ٹی آئی کے شدید احتجاج کے بعد قائم ہونے والے جو ڈیشیل کمیشن کی رپورٹ کو پی ٹی آئی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے تسلیم کر لیا تھا تاہم اس پر میرے ابھی تک تحفظات ہیں کیونکہ گذشتہ عام انتخابات مکمل طور پر عدلیہ کی زیر نگرانی ہوئے تھے اور جو ڈیشیل کمیشن نے انتخابات میں دھاندلی کی ذمہ داری کسی بھی ریٹرننگ آفیسر یا پریذائڈنگ آفیسر پر نہیں ڈالی بلکہ سارا ملبہ الیکشن کمیشن پر گرا دیا انہوں نے کہاکہ جوڈیشیل کمیشن کی رپورٹ میں جن خامیوں کی نشاندھی کی گئی تھی ان خامیوں کو دور کرنے اور اگلے انتخابات کو شفاف اور منصفانہ طریقے سے منعقد کرنے کیلئے الیکشن کمیشن نے کسی قسم کے ٹھوس اور بنیادی اقدامات نہیں کئے ہیں اور یہ خدشہ ہے کہ آنے والے انتخابات بھی سابقہ طریقہ کار کے تحت کرائے جائیں گے سابق ایڈیشنل سیکرٹری افضل خان نے چیرمین پی ٹی آئی کی جانب سے کرپٹ نظام کے تحت انتخابات میں حصہ نہ لینے کے فیصلے کو بھی سراہتے ہوئے کہاکہ جب تک سیاسی جماعتیں کرپٹ نظام کے تحت الیکشن میں حصہ لیتی رہیں گی اس وقت تک ملک میں شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے اور ایسے انتخابات میں پی ٹی آئی سمیت سیاسی جماعتوں کی شرکت اسے جائز قرار دے گی انہوںنے چیرمین پی ٹی آئی کو بتایا کہ اگر پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے موجودہ صورتحال کے مطابق الیکشن میں حصہ لیاتو دھاندلی کی تجربہ کار سیاسی جماعت پی ٹی آئی سمیت اپوزیشن جماعتوں کو حرف غلط کی طرح سیاسی نقشے سے مٹا دے گی کیونکہ مخالف طبقہ الیکشن مہم پر توجہ دینے کی بجائے رینٹرننگ افسران اور پریزائیڈنگ افسران کو خریدنے کیلئے اربوں روپے خرچ کر دے گی اور عین انتخابات کے روز یونین کونسلوں کی سطح پر کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کرکے اگلے پانچ سالوں کیلئے برسر اقتدار آجائے گی انہوںنے پی ٹی آئی کے چیرمین کو بتایاکہ گذشتہ چار سالوں کے دوران پی ٹی آئی کی الیکشن ٹیم کی بہتر منصوبہ بندی نہ کرنے کی وجہ سے بھی انہیں نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اگلے الیکشن سے پہلے بہترین منصوبہ بندی کی جائے انہوں نے پی ٹی آئی کے چیرمین کی جانب سے کرکٹ کی طرح انتخابات کے موقع پر بھی نیوٹرل ایمپائر کے وعدے کو بھی سراہا ملاقات میں چیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اگلے انتخابات کی تیاریوں اور منصوبہ بندی کیلئے سابق ایڈیشنل سیکرٹری افضل خان کی مشاورت اور رہنمائی لینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا ۔

۔۔۔۔۔۔اعجاز خان
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات