قبل از وقت الیکشن کا امکان ، پیپلز پارٹی نے کارکنوں کو الیکشن کی تیاری کی ہدایات جاری کردیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 20 مارچ 2017 16:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 مارچ 2017ء) : ملک کی سیاسی جماعتوں سمیت قوم کی نظریں بھی پانامہ لیکس کیس پر جمی ہوئی ہیں۔ پانامہ لیکس کیس میں سپریم کورٹ کے متوقع فیصلے سے متعلق کئی قیاس آرائیاں بھی کی گئی ہیں ، جن میں سے ایک قبل از وقت عام انتخابات ہیں۔ ممکنہ طور پر قبل از وقت الیکشن کے پیش نظر پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی اپنے کارکنوں کو الیکشن کی تیاری کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے متعدد حلقوں میں اپنی حکمت عملی بنانے اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تیزی سے کام کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چئیر مین آصف علی زرداری نے لاہور میں ڈیرے ڈال کر خصوصی طور پر پنجاب کی نشستوں کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی اپنے کمزور حلقوں اور دوسری جماعتوں سے ایڈجسٹمنٹ اور اتحاد پر بھی کافی غور و خوض کر رہی ہے۔

پیپلز پارٹی کے حلقوں میں مشاورت کے سلسلے کے ساتھ ساتھ وسطی اور جنوبی پنجاب میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا بھی باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ تاکہ اگر قبل از وقت انتخابات کی راہ ہموار ہو تو پاکستان پیپلز پارٹی پوری تیاری کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے سکے۔یاد رہے کہ پانامہ لیکس کیس کا فیصلہ 22 فروری کو سپریم کورٹ میں محفوظ کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :