حسین حقانی کو پاکستان لانے کی درخواست رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراض لگا کر واپس کردی

درخواست گزار ظفرعلی شاہ کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت

پیر 20 مارچ 2017 16:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیرحسین حقانی کو پاکستان لانے کی درخواست رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراض لگا کر واپس کردی ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ(ن) کے رہنما ظفرعلی شاہ کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ حسین حقانی نے ایبٹ آباد آپریشن میں سہولت کار کے کردار کا اعتراف کیا ،ْ حسین حقانی کے اس عمل میں اس وقت کے صدر آصف زرداری اور وزیراعظم یوسف رضاگیلانی بھی شامل تھے لہذا حسین حقانی کوبیرون ملک سے لانے کے احکامات دئیے جائیں اور وزارت دفاع آصف زرداری اور یوسف رضاگیلانی سمیت حسین حقانی کے خلاف کورٹ مارشل کے تحت مقدمہ چلانے کے احکامات جاری کرے۔

رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے ظفر علی شاہ کی حسین حقانی کو پاکستان لانے کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی ،ْ درخواست گزار ظفرعلی شاہ کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔