گلیات کی دوسری بلند ترین چوٹی مشکپوری پر سکینگ اور ہائیکنگ کے مقابلے جاری ہیں،ترجمان گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی

پیر 20 مارچ 2017 16:03

مری ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2017ء) گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام سیاحت کے فروغ کے لئے چیمئن شب کے مقابلے جاری ہیں، گلیات کی دوسری بلند ترین برف سے ڈھکی چوٹی مشکپوری پر ان دنوں سکینگ اور ہائیکنگ کے مقابلے ہورہے ہیں جن میں مختلف یونیورسٹیز اور کالجز کے طلباء وطالبات حصہ لے رہے ہیں ،سطح سمندر سے 4252 فٹ کی بلندی پر ہونے والے ان مقابلوں میں شرکاء کا جو ش وخروش بھی دیدنی ہے ، ڈونگا گلی سے تقریباًچار کلو میٹر پیدل ہائیکنگ کر کے مشکپوری پہنچنے والے طلباء و طالبات بر ف میں گرتے اور سنبھلتے رہے کچھ طلباء وطالبات کٹھن اور دشوار منزل پر پہنچنے سے پہلے ہی ہمت ہار کر واپسی کا سفر کرنے میں ہی عافیت جانی جبکہ بیشتر نے ٹاپ تک پہنچ کر مقابلوں میں بھی حصہ لیا اس دوران مشکپوری کی چوٹی پر یہ باہمت طلباء وطالبات فطرت کے حسین ،دیدہ زیب اور دل کو موہ لینے والے نظارے دیکھ کر ششدر رہ گئے۔

(جاری ہے)

گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان احسن حمید کا کہناتھا کہ خیبر پختون خواہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لئے کوشاں ہے اور اسی سلسلہ کی یہ کڑی ہے کہ گلیات میں پہلی باراس طرز کے مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے کہ مقابلے پہلے ایوبیہ چیئرلفٹ کے ساتھ منعقد کروائے گئے لیکن اب یہ مقابلے مشکپوری ٹاپ پہ منعقد کیے جارہے ہیں اسی سلسلہ کا اگلا مقابلہ اگلے ہفتہ کو ہو گا ،ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے ان مقابلوں کا مقصد ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا اور دنیا کو ایک پُرامن پاکستان کا پیغام دینا ہے ۔