کشمیری عوام بھارتی سازشوں کو ناکام بنائیں گے، مجید ملک

آر ایس ایس کا ایجنڈا کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے،عبدالمجید ملک

پیر 20 مارچ 2017 15:54

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2017ء) حریت رہنما عبدالمجید ملک نے کہا ہے کہ آر ایس ایس کا ایجنڈا کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے لیکن کشمیری عوام اس سازش کو ناکام بنائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع گوجرانوالہ کے علاقے بوٹہ والا میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مسلم لیگ نون کے رکن صوبائی اسمبلی محمد اشرف وڑائچ سیمینار کے مہمان خصوصی تھے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سیمینار کا عنوان ’’ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے بی جے پی اور آر ایس ایس کی سازش اور پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کی ذمہ داریاں‘‘ تھا ۔ عبدالمجید ملک نے سیمینار سے بطور صدر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آر ایس ایس کا ایجنڈا کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے اور وہ 1947ء سے اس کی کوشش کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قابض انتظامیہ فوجی کالونیاں اور کشمیری پنڈتوں کے لیے علیحدہ بستیاں قائم کرنے کی کوشش کررہی ہے جن کا مقصد علاقے میں اقلیت کو اکثریت میں تبدیل کرنا ہے لیکن کشمیری عوام اس سازش کو ناکام بنائیں گے۔ مسلم لیگ نون کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری محمد اشرف وڑائچ نے اس موقع پر کہاکہ پاکستان حق خود ارادیت کے حصول کے لیے کشمیری عوام کی جدوجہد کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر موثر انداز میں اٹھایااور وہ یہ مسئلہ ہر بین الاقوامی فورم پر اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی بلکہ ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔ سیمینار سے انسانی حقوق فورم کے چیئرمین ملک محمد اشرف ، ملک ظفر اقبال، ملک محمد فاروق، مولانا عبدالسلام ،جہانگیر، چوہدری مختار بٹ، ظہور وانی اور دیگر نے بھی خطاب کیاجبکہ کشمیری مہاجرین کی بڑی تعداد نے سیمینار میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :