روات۔اسلام آباد روٹ پر بھی میٹرو بس سروس شروع کرنے کا مطالبہ

پیر 20 مارچ 2017 13:57

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2017ء) میٹرو بس سروس راولپنڈی۔اسلام آباد پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد جڑواں شہروں کے لوگوں بالخصوص روات سے اسلام آباد سفر کرنے والے لوگوں نے روات۔اسلام آباد روٹ پر بھی میٹرو بس سروس شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس روٹ پر روزانہ سفر کرنے والے مسافروں جنہیں رش کے باعث بڑی مشکلات کا سامنا رہتا ہے، نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس روٹ پر بھی جلد میٹرو سروس کا آغاز کیا جائے۔

طلبہ، سرکاری ملازمین، فیکٹری کے کارکنوں اور مریضوں نے ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہائی ایس وینز ان کی سفری ضروریات پوری نہیں کر رہیں اور مختلف سٹاپوں پر لوگوں کی کثیر تعداد گھنٹوں ویگن کے انتظار میں کھڑی رہتی ہیں جنہیں تعلیمی اداروں، دفاتر اور ہسپتال پہنچنے کے لئے مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ہائی ایس وین کے کنڈکٹر بدتمیز ی کے ساتھ زائد کرایہ وصول کرتے ہیں۔

خواتین کی صرف دو نشستیں ہوتی ہیں جنہیں سفر کے لئے دقت پیش آتی ہے۔ شہریوں نے کہا ہے کہ روات سے اسلام آباد تک کے آئندہ میٹرو بس پراجیکٹ میں زیرو پوائنٹ کو شامل کیا جائے کیونکہ یہاں سرکاری ملازمین کی کثیر تعداد مختلف علاقوں میں واقع اپنے دفاتر جاتے ہیں اور زیرو پوائنٹ سے انہیں اپنے دفاتر جانے میں سہولت ملے گی ۔ ایک خاتون نسرین اختر نے کہا کہ میٹرو بس سروس کسی نعمت سے کم نہیں جو آرام دہ کم خرچ ہے اور وقت پر مسافروں کو پہنچاتی ہے۔ اس نے مزید کہا کہ اسلام آباد جو پاکستان کا خوبصورت ترین شہر ہے، میں جدید ٹرانسپورٹ کی سہولت وقت کی اہم ضرورت ہے۔