شام: حکومت مخالف باغیوں کے حملے کے بعد دمشق میں شدید لڑائی جاری

سرکاری فوج نے عسکری اہمیت کے حامل عباسی سکوائر کے تمام راستے بند کر دیے، باغیوں کی حکومت کی دفاعی لائن کو توڑنے کی کوشش

پیر 20 مارچ 2017 13:44

دمشق (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2017ء) شام کے دارالحکومت دمشق کے نواح میں شامی فوج اور باغیوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔ادمشق کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ دمشق کے مشرق میں شدید لڑائی جاری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ باغیوں کے اچانک حملے کے نتیجے میں دمشق شہر کے مرکزی علاقے میں بھی گولے گرے ہیں اور راکٹ داغے گئے ہیں۔مبصرین کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے حکومت کی دفاعی لائن کو توڑنے کی کوشش سے قبل جوبر ضلعے میں دو خودکش کار بم دھماکے کیے۔

فوج نے حملے کے جواب میں فضائی حملے کیے جبکہ شام کی سرکاری میڈیا کے مطابق جوبر کے علاقے میں حملے کے لیے خفیہ سرنگوں کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔دمشق میں حزب اختلاف کے قبضے والے چند ہی علاقے ہیں اور جوبر شہر کے مرکز سے قریب ترین ہے۔

(جاری ہے)

جنگ سے تباہ علاقوں پر قبضے کے لیے ایک جانب باغیوں اور جہادیوں اور دوسری جانب حکومتی فورسز کے درمیان دو سال سے زیادہ عرصے سے لڑائی جاری ہے۔

دمشق میں عالمی خبرساں ادارے کا کہنا ہے کہ سرکاری فوج نے عسکری اہمیت کے حامل عباسی سکوائر کے تمام راستے بند کر دیے ہیں جبکہ شہر دھماکوں سے لرزاں ہے۔برطانیہ میں مبنی شام کے لیے انسانی حقوق کی آبزرویٹری کا کہنا ہے کہ باغیوں نے برزہ، تشرین اور قابون اضلاع میں سرکاری فورسز کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے ان حملوں کی ابتدا کی تھی۔

متعلقہ عنوان :