سعودی فورسز سے جھڑپ میں یمن کے ساتھ سرحد پر تین درانداز ہلاک

مشتبہ افراد کے قبضے سے 23 ہتھیار ، 32160 گولیاں اور 607 گرام حشیش بھی برآمد کرلی،وزارت داخلہ

پیر 20 مارچ 2017 13:26

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) سعودی عرب کی سکیورٹی فورسز نے یمن کے ساتھ واقع سرحدی علاقے میں دراندازی کی کوشش کرنے والے تین مشتبہ افراد کو ہلاک کردیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصورالترکی نے ایک بیان میں بتایا کہ سرحد پر تعینات فوجیوں نے یمن کے سرحدی علاقے سے مملکت کی حدود میں دراندازی کرنے والوں کو روکنے کی کوشش کی تھی۔

(جاری ہے)

اس دوران فوجیوں کے ساتھ جھڑپ میں تین یمنی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ان مشتبہ افراد کے قبضے سے 23 ہتھیار ، 32160 گولیاں اور 607 گرام حشیش برآمد ہوئی ۔ جھڑپ میں کوئی سعودی فوجی زخمی نہیں ہوا ۔واضح رہے کہ یمن کے ساتھ سعودی عرب کی جنوبی سرحد پر تعینات فوجی ماضی میں بھی مختلف گروپوں کی جانب سے اپنی حدود میں دراندازی کی کوششیں ناکام بنا چکے ہیں۔ آئے دن یہ گروپ دشوار گذار سرحدی علاقے سے غیرقانونی منشیات اور ہتھیار سعودی عرب اسمگل کرنے کی کوششں کرتے ہیں اور پکڑے جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :